منیٰ سانحہ: ہندوستانی حجاج کی تعداد 45ہوگئی

منیٰ۔28ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) حج کی بھگدڑ میں شہید ہونے والے ہندوستانی حجاج کی تعداد آج 45تک پہونچ گئی جب کہ مزید 10نعشوں کی شناخت ہوگئی ۔ 50ہندوستانی حجاج زخمی ہیں اوردواخانوں میں زیر علاج ہیں ۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا کہ اس سانحہ میں زخمیوں کی جملہ تعداد 934 ہوگئی ہے ۔ سعودی عہدیداروں نے 1090 شہید حجاج کی تصویریں جاری کی ہیں۔ ملک سلمان نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے تاکہ اس واقعہ کی تحقیقات کی جاسکیں ۔ یہ جاریہ سال عازمین حج کا دوسرا بڑا حادثہ تھا ۔ قبل ازیں 11ستمبر کو ایک کرین کے گرجانے سے 100افراد بشمول 11ہندوستانی شہید ہوگئے تھے ۔
مدینہ منورہ جارہی برطانوی حجاج کی بس کو حادثہ
OoO  برطانوی حجاج کرام کو مدینہ منورہ لے جارہی ایک بس آج حادثہ کا شکار ہوگئی ۔ تاحال یہ نہیں معلوم ہوسکا کہ اس بس میں کتنے برطانوی شہری سوار تھے اور نقصانات کی بھی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔ برطانوی دفتر خارجہ کے ترجمان نے بس حادثہ کی توثیق کی اور کہا کہ ہم سعودی حکام کے ساتھ ربط قائم رکھے ہوئے ہے ۔ جدہ میں برطانوی قونصل خانہ سے ایک ٹیم مدد کیلئے مقام حادثہ روانہ کی گئی ہے ۔