نیویارک۔5 جولائی (سیاست ڈاٹ کام)امریکی ٹینس اسٹار سرینا ولیمز کے آسٹریلین اوپن جیتنے کے پانچ ماہ بعد ایک اور حاملہ ٹینس کھلاڑی نے گرانڈ سلام ٹورنمنٹ میں شرکت کی ہے۔لیکسمبرگ سے تعلق رکھنے والی مینڈی منیلا نے ومبلڈن کے پہلے مرحلے میں شکست کے بعد انکشاف کیا کہ وہ چار ماہ کی حاملہ ہیں۔کھیل کے دوران انھوں نے ڈھیلا ڈھالا لباس پہنا تھا۔ 31 سالہ مینڈی منیلا کو اطالوی کھلاڑی فرانسسکا شیاوون کے خلاف 1-6، 1-6 سے شکست ہوئی ۔مینڈی منیلا کا ایونٹ کے ویمنز ڈبلز مقابلوں کے پہلے مرحلے میں اپیک سوئلو اور وارٹچیا کے ساتھ مقابلہ ہوگا۔
افغانستان کی ٹسٹ کرکٹ کیلئے شارجہ ہوم گراؤنڈ
دبئی۔5جولائی(سیاست ڈاٹ کام) افغانستان نے آئی سی سی کی جانب سے ٹسٹ درجہ ملنے کے بعد متحدہ عرب امارات کو اپنا گھریلو میدان بنا لیا۔ افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر شفیق اسٹینکزئی نے کہا کہ شارجہ انٹر نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم پر ان کی گھریلو ٹسٹ سیریز کا انعقاد کیا جائے گا اور وہ عبدالرحمن بخاطر کے شکر گزار ہیں جنہوں نے میدان پر مستقل بنیادوں پر میچز اور ٹریننگ کیلئے تمام سہولتیں فراہم کیں۔