دھونی ، نئے اسٹار بیٹسمین کو پانچویں مقام پر موقع دینے کے حامی
سڈنی۔ 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے نئے بیٹنگ اسٹار منیش پانڈے نے کہا کہ اپنی ٹیم میں وہ چوتھے مقام پر خود کو انتہائی پرسکون محسوس کرتے ہیں کیونکہ اس مقام پر رہتے ہوئے انتہائی آرام دہ انداز میں بیٹنگ کی جاسکتی ہے اور اس سے انہیں ایک ایسی اننگز کھیلنے میں مدد ملتی ہے جس طرح گزشتہ روز آسٹریلیا کے خلاف اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے والے سنچری بناتے ہوئے کھیلی گئی تھی۔ پانڈے کی اننگز بالعموم چوتھے مقام پر کھیلنے والے اجنکیا راہنے کے انتخاب میں تبدیلی کا سبب بن سکتی ہے جب وہ اپنے زخم مندمل ہونے کے بعد ٹیم میں واپس آئیں گے، لیکن یہ بھی اتفاق ہے کہ کپتان مہیندر سنگھ دھونی سمجھتے ہیں کہ پانچواں مقام پانڈے کیلئے زیادہ موزوں ہے۔ پانڈے نے گزشتہ روز کے میچ کے بعد بی سی سی آئی ٹی وی سے کہا کہ ’’چوتھے مقام پر بیٹنگ میری طاقت ہے۔ یہ میرے بیٹنگ اسٹائل کیلئے موزوں و مناسب ہے۔ اس سے پہلے کے دو میچوں میں مجھے بیٹنگ کیلئے زیادہ وقت نہیں ملا۔ میرا طرز یہ ہے کہ ابتدائی دو تین گیند آسانی سے کھیلتے ہوئے میچ کا اندازہ لگایا جائے اور کھیل میں ضرورت کے مطابق تبدیلی کی جائے۔ ہر گیند پر چوکے لگانا دشوار ہوتا ہے چنانچہ ابتدائی گیندوں پر ایک یا دو رنز لئے جائیں۔ بعد میں کمزور گیندوں کا فائدہ اٹھایا جائے‘‘۔ تاہم دھونی نے کہا کہ ’’منیش نے جس طرح کھیلا ہے، اس سے انہیں مزید 10 تا 15 ونڈے انٹرنیشنل میچ کھیلنے کا موقع ملے گا۔ فی الحال جہاں تک ان (منیش) کا تعلق ہے۔ وہ پانچویں مقام کیلئے بہتر ہیں‘‘۔ کرناٹک سے تعلق رکھنے والے منکسرالمزاج بیٹسمین منیش نے گزشتہ روز اپنے کپتان دھونی کو آخری اوور میں اپنی ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے والا چھکہ لگانے کا کریڈٹ دیا تھا۔