منگولیا باکسنگ ٹورنمنٹ : میریکوم خارج، 4 دیگر کی پیشرفت

نئی دہلی۔23 جون (سیاست ڈاٹ کام) پانچ مرتبہ کی ورلڈ چمپئن ایم سی میریکوم کو حیران کن طور پر کوارٹر فائنل میں ناکامی کے ساتھ ایونٹ سے اخراج کی راہ لینی پڑی لیکن ہندوستان بہرحال اپنے لیے آج کا دن معقول حد تک بہتر انداز میں درج کرانے میں کامیاب ہوا کیوں کہ تین مرد اور ایک خاتون باکسر نے آج منگولیا کے اولان باتر کپ باکسنگ ٹورنمنٹ کے سیمی فائنلس تک پیشرفت کرلی۔ میریکوم (51kg) جو ایک سال کے وقفے کے بعد مسابقت کررہی تھیں، انہیں کوریائی کول می بانگ کے مقابل متفقہ فیصلے سے ناکامی برداشت کرنی پڑی۔ 34 سالہ اولمپک برونز میڈلسٹ کو آج اپنے مقابل طویل قامت حریف کے خلاف بڑی صفائی سے مکے لگانے میں دکھت پیش آئی اور ایک مرتبہ تو انہیں قواعد کی خلاف ورزی پر متنبی بھی کیا گیا۔ تاہم ہندوستان کی طرف سے انکش داہیا (60kg) ، محمد حساب الدین (56kg) ، شام کمار (49kg) اور پرینکا چودھری (60kg) نے اپنے متعلقہ کوارٹر فائنل مقابلہ جیت کر میڈل رائونڈس میں رسائی حاصل کرلی۔