حیدرآباد۔ 13 جولائی (سیاست نیوز) مندر کی دیوار کی غیرمجاز حصار بندی کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے منگل ہاٹ پولیس نے گوشہ محل کے بی جے پی کے رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ اور ان کے ساتھیوں کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ سیتا رام پیٹ منگل ہاٹ میں آج اُس وقت کشیدگی پیدا ہوگئی جب راجہ سنگھ کے حامیوں نے مندر کی حصار بندی کا کام اچانک شروع کردیا اور جی ایچ ایم سی کے فٹ پاتھ پر غیرمجاز قبضہ کی کوشش کی جارہی تھی۔ مقامی عوام نے اس سلسلے میں پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کو واقف کروایا، جس کے نتیجہ میں ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون ستیہ نارائنا نے سیتا رام پیٹ پہنچ کر غیرمجاز طور پر مندر کی توسیع کے لئے تعمیر کردہ دیوار کو منہدم کرنے کا حکم دیا۔ پولیس کے اس اقدام کے بعد راجہ سنگھ اور اس کے حامی وہاں پہنچ کر دیوار کی دوبارہ تعمیر کرنی کی کوشش کی جسے پولیس نے ناکام بنادیا۔ جاریہ بونال اور ماہ رمضان کے پیش نظر پولیس فوری حرکت میں آتے ہوئے علاقہ میں ریاپڈ ایکشن فورس کو متعین کردیا اور دیگر ایک پلاٹون پولیس تعینات کردی۔ منگل ہاٹ علاقہ میں پولیس نے گشت میں شدت پیدا کرتے ہوئے چوکسی اختیار کرلی۔ انسپکٹر منگل ہاٹ مسٹر آر سرینواس نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی کے فٹ پاتھ پر راجہ سنگھ اور ان کے حامیوں نے مندر کی دیوار تعمیر کی جو غیرقانونی ہے اور اس سلسلے میں رکن اسمبلی کے خلاف ایک مقدمہ تعزیرات ہند کے دفعات 447, 427, 188 اور 149 کے تحت درج کرلیا ہے ۔