منڈے کی موت کی تحقیقات : سی بی آئی کے سپرد

نئی دہلی۔ 16 جون (سیاست ڈاٹ کام) سی بی آئی نے بی جے پی قائد گوپی ناتھ منڈے کی موت کی تحقیقات کی ذمہ داری قبول کرلی ہے جو دہلی میں ایک ٹریفک حادثہ میں ہلاک ہوگئے تھے۔ ذرائع کے بموجب محکمہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور اس نے دہلی پولیس سے اس مقدمہ کی تحقیقات کی ذمہ داریاں حاصل کرلی ہیں۔ ذرائع کے بموجب وزارت داخلہ نے سفارش کی تھی کہ تحقیقات کی ذمہ داری سی بی آئی کے سپرد کردی جائے کیونکہ کئی سیاسی قائدین نے اس مہلک حادثہ کی سی بی آئی کی جانب سے تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ منڈے نے وزارت دیہی ترقیات کی ذمہ داریاں نریندر مودی کابینہ میں حاصل کی تھیں، لیکن اس کے فوری بعد ایک حادثہ میں ان کی موت واقع ہوگئی۔ 64 سالہ گوپی ناتھ منڈے پسماندہ طبقہ کے مہاراشٹرا کے مقبول ترین قائد تھے۔ وہ اندرا گاندھی ایرپورٹ جارہے تھے جبکہ 3 جون کو ان کی کار کا پرتھوی راج روڈ۔ تغلق روڈ چوراہے پر دوسری گاڑی سے تصادم ہوگیا۔ یہ علاقہ قومی دارالحکومت کے قلب میں واقع ہے۔ گوپی ناتھ منڈے صدمہ اور داخلی اخراج خون کے نتیجہ میں فوت ہوگئے۔ اُن کی گردن اور جگر ٹریفک حادثہ میں متاثر ہوئے تھے۔ دہلی پولیس نے ایک مقدمہ 32 سالہ گرویندر سنگھ کے خلاف درج کیا تھا جو تصادم میں ملوث گاڑی کا ڈرائیور تھا۔ منڈے کی بیٹی رکن اسمبلی پنکج منڈے پلوے نے اپنے ایک بیان میں زور دیا تھا کہ اُن کے آنجہانی والد کے حامی اس سانحہ سے سیاسی فوائد حاصل کرنے کے خواہشمندوں کے خلاف صف آراء ہوجائیں۔ مہاراشٹرا کے بی جے پی قائدین بشمول پارٹی کے سابق صدر نتن گڈکری نے منڈے کی موت کی سی بی آئی تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا تھا۔ منڈے کی دُختر نے کہا کہ وہ سی بی آئی تحقیقات کروانے کے سلسلے میں پارٹی قائدین سے بات چیت کرچکی ہیں اور انہیں یقین ہے کہ وزیراعظم بھی ایسا ہی کریں گے۔