منڈل پریشد گمبھی راؤ پیٹ کا سہ ماہی اجلاس

ایم پی ٹی سی، سرپنچوں کو اسکیمات کی اطلاعات کی عدم فراہمی کا الزام
گمبھی راؤ پیٹ۔/17مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیو) منڈل پریشد گمبھی راؤ پیٹ کا سہ ماہی اجلاس زیر صدارت چیرپرسن منڈل پریشد گنگا سایوا عمل میں آیا۔ اجلاس میں منڈل کے تمام ایم پی ٹی سی ارکان، سرپنچوں کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ دوران اجلاس ایم پی ٹی سی رکن حمید الدین خالد، سرپنچ آکاپلی بالیا، یاسرایلیا نے زرعی عہدیدار مہیشوری پر کاشتکاروں کے مفاد میں روبہ عمل لائی جانے والی اسکیماات سے متعلق اطلاعات کی عدم فراہمی کا الزام عائد کرتے ہوئے شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت کی جانب سے گمبھی راؤ پیٹ کو سبسیڈی طرز پر ٹریکٹر کی منظوری عمل میں آئی تھی لیکن زرعی عہدیدار نے عوامی منتخب نمائندوں کو اس سلسلہ میں کوئی بھی اطلاع دیئے بغیر ٹریکٹر کی منظوری کے لئے ایک کاشتکار کو منتخب کیا گیا۔ اجلاس میں دوران بحث ایم پی ٹی سی ارکان، سرپنچوں نے ٹریکٹر کی منظوری کے لئے موزوں و مناسب کاشتکار کے نام کی تجویز کے لئے ایک قرارداد کی منظوری کا مطالبہ کیا۔ سرپنچ شری گدا نے ریاستی وزیر کی جانب سے بورویل کی منظوری اور اس کی کھدائی کی اطلاعات سرپنچوں سے خفیہ رکھنے پر RWS کے عہدیداروں پر شدید ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ مواضعات میں بور کی کھدائی عمل میں لائی جاتی ہے لیکن اس کی اطلاع تک مقامی سرپنچ کو نہیں دی جاتی جبکہ اس کے بلز کی منظوری کے لئے سرپنچوں پر ایم بی ریکارڈ میں درج کروانے کی خواہش کی جاتی ہے۔ ایک وقت کے کے لئے اجلاس کے دوران ایم پی ٹی سی رکن کملاکر ریڈی اور مقامی سرپنچ اے بالیا کے درمیان مختلف معاملات میں لفظی جھڑپ کے علاوہ ایک دوسرے پر اُلجھتے ہوئے دیکھا گیا جنہیں اجلاس میں موجود بعض عوامی منتخب نمائندوں نے خاموشی اختیار کرتے ہوئے پرامن طور پر حل طلب مسائل کی یکسوئی کی خواہش کی۔اس موقع پر تحصیلدار دیویندر، ایم پی ڈی او سرینواس ریڈی، ایم ای او پرشوتم، پنچایت راج ڈی سی چندر شیکھر کے علاوہ زیڈ پی ٹی سی ملوگاری پدما وغیرہ موجود تھے۔