رانچی ۔ 14 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) قومی سیاست میں نئے سماجی انتظام و انصرام کے منصوبوں کو بالواسطہ حوالہ دیتے ہوئے آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو نے آج کہا کہ ’’منڈل ایکسپریس‘‘ آگے بڑھ رہی ہے اور جو اس میں سوار ہونا چاہتے ہیں وہ ایسا کرسکتے ہیں ورنہ یہ ٹرین چھوٹ جائے گی۔ لالو پرساد یادو نے آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منڈل (منڈل کمیشن رپورٹ) آج کے وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سماجی انصاف کا تحفظ کرنے کیلئے یہی مؤثر ہتھیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ منڈل ٹرین شروع ہوچکی ہے جو اس میں سوار ہونا چاہتے ہیں ان کا خیرمقدم ہے اور جو دلچسپی نہیں رکھتے وہ محروم رہ جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ منڈل 90 کے دہے میں بہار میں سیاسی تبدیلی کی علامت بن گیا تھا۔ نتیش کمار سے دوستی کا اشارہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نتیش ہمارے تھے۔ وہ سیکولرازم میں پروان چڑھے لیکن بی جے پی کے ساتھ ہوگئے اور اسے ترقی کا موقع دیا۔ انہوں نے کہا کہ جنتادل یو کی بی جے پی سے طلاق کے نتیجہ میں ووٹ تقسیم ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے راجیہ سبھا میں بہار سے بی جے پی کو شکست دی۔ واضح رہیکہ منڈل کمیشن سفارشات کے ذریعہ او بی سی کو ملازمتو ںمیں تحفظات فراہم کئے گئے اور اس کی وجہ سے آر جے ڈی کو بہار میں 15 سال اقتدار پر رہنے میں مدد ملی۔
بیرونی کمپنیاں حلوہ نہیں کھلائیں گی
نریندر مودی حکومت کی جانب سے دفاع اور ریلویز میں غیرملکی سرمایہ کاروں کو دعوت کا حوالہ دیتے ہوئے لالو پرساد یادو نے کہا کہ اب یہ حکومت پی پی پی (پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ) کی بانسری بجا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی ممالک یہاں دولت کمانے کیلئے آئیں گے۔ وہ آپ (عوام) کو حلوہ نہیں کھلائیں گے۔ بجٹ میں 100 عصری شہروں کی تجویز پر لالو پرساد نے کہا کہ شنگھائی کی طرز کا ایک شہر بنانا بھی مشکل ہے کیونکہ اس کیلئے مکمل سالانہ بجٹ درکار ہوگا۔