نیا ضلع بننے پر جشن، رکن اسمبلی دیواکر راؤ کا خطاب
منچریال۔ 23 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن اسمبلی منچریال مسٹر این دیواکر راؤ نے کہا کہ منچریال کو ضلع بناتے ہوئے ٹی آر یس حکومت نے برسہابرس سے جاری منچریال کے عوام کی خواہشات کو عملی جامہ پہنایا۔ یہ بات منچریال میں آئی بی چوراہا پر منعقدہ جشن ضلع پروگرام کے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع عادل آباد مستقر کلکٹر آفس منچریال سے 165 کیلومیٹر دور، چنور سے 205 کیلومیٹر، کوٹہ پلی سے 225 کیلومیٹر اور بجور سے 230 کیلومیٹر کا سفر 4 تا 6 گھنٹے میں طئے کرتے ہوئے پہنچنا پڑتا تھا جس کی وجہ سے عوام پر نہ صرف مالیہ کا بوجھ عائد ہوتا تھا بلکہ 6 تا 7 گھنٹے طویل سفر بہت ہی دشوار ہوگیا تھا۔ عوام کی خواہشات اور مشکلات کو حل کرنے کیلئے ریاست بھر میں جہاں جہاں ضلع کی ضرورت ہے، کے سی آر نے عوامی خواہشات کی تکمیل کرتے ہوئے کل جماعتی اجلاس میں نئے اضلاع کی تشکیل کو منظوری دے دی ہے۔ اس ضمن میں ہم آج تلنگانہ بھر میں نئے اضلاع کا تہوار اور جشن منارہے ہیں۔ قبل ازیں مدارس، کالجس کے طلباء مختلف شعبہ حیات کے عوام ، سیاسی قائدین، رضاکار تنظیمیں، ٹریڈ یونین کارکن، خواتین کی کثیر تعداد پر مشتمل ایک بھاری ریالی نکالی گئی جس میں جئے تلنگانہ اور کے سی آر زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔ اس استقبالیہ جشن تلنگانہ اضلاع میں ٹی آر ایس قائدین، چیرپرسن منچریال میونسپالٹی مسرز وسندھرا، مارکٹ کمیٹی چیرمین، منچریال، بلاک ٹی آر ایس صدر کے علاوہ میونسپل کونسلرس کارکن اور عوام و خواتین کی بھاری تعداد شامل تھی۔