منچریال ۔ 24؍ جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پٹرول اور ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے خلاف بائیں بازو کی جماعتوںنے منچریال میں ریلوے فلائی اوور تا امبیڈ کر چوراہا تک بطور احتجاج اپنی بائیک کو لیکر پیدل چلتے ہوئے پہنچے اور مرکزی حکومت کے خلاف نعرہ لگاتے ہوئے راستہ روکو احتجاج منظم کیا ۔ اس موقع پر ضلع سکریٹری سی پی آئی مسٹر مہیندرریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت عوام دشمن پالیسیوں پر گامزن ہے ۔ پٹرول ڈیزل کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے اشیاء ضروریہ میں بھی کئی گنا اضافہ ہو رہا ہے ۔ بائیں بازو کی جماعتوں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیاکہ وہ فوراً بڑھائی گئی قیمتوں میں کمی کرتے ہوئے عوامی جذبات کا احترام کرے ورنہ پارٹی بڑے پیمانے پر حکومت کے خلاف احتجاج کرے گی ۔ اور آنے والے انتخابات میں سبق سکھائے گی ۔ اس پروگرام میں لنگم ‘ روی اوپیندر ‘ راجیشم ‘ چندریا کے علاوہ کارکنوں کی کثیر تعداد نے حصہ لیا ۔