منچریال۔/7ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مسلمانان منچریال نے بابری مسجد کی شہادت کی 25 ویں برسی کے موقع پر یوم سیاہ منایا گیاا ور ایک پرامن بائیک ریالی کا اہتمام کیا گیا۔ منچریال مسلم یوتھ ویلفیر کمیٹی صدر مسٹر شیخ معین، جامع مسجد کمیٹی کے صدر جناب محمد زبیر محمد کی قیادت میں مسلم نوجوانوں کی کثیر تعداد نے محلہ ظفر نگر سے ایک بائیک ریالی نکالی جو براہ بس اسٹانڈ،آئی بی چوراہا سے ہوتے ہوئے ضلع کلکٹر آفس منچریال پہنچی جہاں پر جوائنٹ کلکٹر منچریال مسٹر سریندر راو کو ایک احتجاجی یادداشت حوالے کی جس میں صدر جمہوریہ ہند و مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ بابر ی مسجد کی اسی مقام پر دوبارہ تعمیر کیلئے اقدامات کرے جس کے ذریعہ ملک کے سیکولر وقار کو مستحکم کیا جاسکے۔ اس پروگرام میں صدر جامع مسجد منچریال جناب محمد زبیر احمد، صدر مسلم یوتھ ویلفیر کمیٹی جناب شیخ معین کے علاوہ سیدعلی نے مسلم نوجوانوں سے خطاب کیا۔ اس موقع پر نائب صدر یوتھ کمیٹی عبدالمنان ، سکریٹری محمد یونس، اراکین محمد ایوب ، محمد شاکر احمد، سید عفان، شاہ رخ، یعقوب، سہیل، سمیر و مسلم نوجوانوں کی کثیرتعداد موجود تھی۔