منچریال، چنور شاہراہ پر المناک سڑک حادثہ

ٹپر اور آٹو میں تصادم، دو افراد ہلاک، 9 افراد شدید زخمی

منچریال۔/30 جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع منچریال کے منچریال، چنور شاہراہ پر آج صبح تقریباً 11 بجے المناک سڑک حادثہ پیش آیا۔ ٹپر ریت سے لدی ہوئی اور ٹاٹا اے سی مسافر آٹو جو چنور سے منچریال جارہا تھا مخالف سمت سے چنور آرہی ٹپر سے ٹکر ہوگئی۔ حادثہ میں 2 افراد راجو 25 سال اور رائے پوچم 45 سال جو بالترتیب سرونچہ ( مہاراشٹرا ) اور چنور متوطن برسر موقع ہلاک ہوگئے ۔ دیگر 9افراد جن میں دو خواتین، ایک بچہ شامل ہے شدید زخمی ہوگئے۔ اے سی پی جئے پور مسٹر وینکٹ ریڈی نے اطلاع ملتے ہی پولیس جمعیت کے ساتھ مقام حادثہ پر پہنچتے ہوئے شدید زخمیوں کو 108 ایمبولنس میں منچریال ہاسپٹل روانہ کیا۔ دو افراد جو ہلاک ہوگئے ہیں ان کی نعشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے چنور گورنمنٹ ہاسپٹل منتقل کردیا گیا۔ ایس آئی چنور مسٹر وکٹر نے بھی پولیس عملہ کے ساتھ مقام حادثہ پہنچتے ہوئے ضابطہ کی کارروائی کی۔ اس موقع پر اے سی پی نے اخباری نمائندوں کو حادثہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ٹاٹا اے سی آٹو AP15TV2147 جس میں جملہ 13 افراد چنور سے منچریال کیلئے سوار ہوئے ، چنور سے 6 کیلو میٹر دور منچریال شاہراہ پر مخالف سمت سے چنور آرہی ریت سے لدی ٹپر سے ٹکرا گئی ۔ آٹو ڈرائیور جو شدید زخمی ہوا ہے کے مطابق آٹو کا اگلا ٹائر پھٹنے کی وجہ سے وہ توازن کھوبیٹھا اور آٹو ٹپر سے ٹکرا گیا۔ اس حادثہ میں 2 افراد مقام حادثہ پر ہلاک ہوگئے دیگر 9 افراد میں سے 7 افراد کو منچریال گورنمنٹ ہاسپٹل منتقل کردیا گیا جبکہ دو زخمی افراد کا کوئی پتہ نہیں چل سکا ہے۔ حادثہ کے بعد فرار لاری ڈرائیور نے بعد ازاں چنور پولیس اسٹیشن میں اپنے آپ کو پولیس کے حوالے کردیا ۔ اے سی پی نے کہا کہ اس خصوص میں کیس درج کرتے ہوئے حادثہ کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔