نئی دہلی 9 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) منوہر پریکر ملک کے نئے وزیر دفاع بن گئے ہیں جبکہ سریش پربھو ریلوے کے نئے وزیر ہونگے ۔ آج مرکزی کابینہ میں توسیع کے بعد قلمدانوں میں بھی رد و بدل ہوا ہے ۔ پریکر نے دفاع کا قلمدان ارون جیٹلی سے حاصل کیا ہے جو فینانس کے وزیر ہیں اور دفاع کا اضافی قلمدان سنبھالے ہوئے تھے ۔ جیٹلی کو اطلاعات و نشریات کا اضافی قلمدان دیا گیا ہے ۔ جے پی ندا کو اب صحت و خاندانی بہبود کا قلمدان دیا گیا ہے جو اب تک ہرش وردھن کے پاس تھا ۔ انہیں وزیر سائینس و ٹکنالوجی بنایا گیا ہے ۔ ہریانہ کے لیڈر بریندر سنگھ کو دیہی ترقیات ‘ پنچایت راج کا قلمدان دیا گیا ہے جو گوپی ناتھ منڈے کی موت کے بعد وزیر ٹرانسپورٹ نتن گڈکری کے پاس زائد ذمہ داری کے طور پر تھا ۔ ڈی وی سدانند گوڑا کو ریلوے کی وزارت سے ہٹاکر نیا وزیر قانون و انصاف بنایا گیا ہے اور یہ ذمہ داری وزیر ٹیلیکام روی شنکر پرساد سے واپس لے لی گئی ہے ۔
راجیو پرتاپ روڈی کو آزادانہ چارچ کے ساتھ اسکل ڈیولپمنٹ اور انٹرپرینیور شپ کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔ وہ پارلیمانی امور کے وزیر بھی ہونگے ۔ مختار عباس نقوی بھی پارلیمانی امور کے منسٹر آف اسٹیٹ ہونگے اور وہ اقلیتی بہبود کے وزیر مملکت بھی ہونگے ۔ یہ قلمدان کابینی درجہ میں نجمہ ہپۃ اللہ کے پاس ہے ۔ تلنگانہ کے بنڈارو دتاتریہ آزادانہ چارچ کے ساتھ منٹسر آف اسٹیٹ محنت و روزگار ہونگے جبکہ مہیش شرما کو منسٹر آف اسٹیٹ سیاحت بنایا گیا ہے ۔ آج شامل کئے گئے 14 منسٹرس آف اسٹیٹ میںرام کرپال یادو کو پینے کے پانی اور صفائی کا قلمدان دیا گیا ہے ‘ ہیرا بھائی پرتھی بھائی چودھری ( داخلہ ) ‘ سانور لال جاٹ ( آبی وسائل ) اور موہن بھائی کلیان جی بھائی کنڈاریہ ( زراعت ) کے منسٹر آف اسٹیٹ ہونگے ۔ گری راج سنگھ منسٹر آف اسٹیٹ مائیکرو ‘ اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزس ہونگے جبکہ تلگودیشم کے وائی ایس چودھری منسٹر آف اسٹیٹ سائینس و ٹکنالوجی اور ارتھ سائینسیس ہونگے ۔ جئینت سنہا منسٹر آف اسٹیٹ فینانس اور راجیہ وردھن سنگھ راتھوڑ اطلاعات و نشریات کے منسٹر آف اسٹیٹ ہونگے ۔ بابل سپریو کو شہری ترقیات کا منٹسر آف اسٹیٹ بنایا گیا ہے ۔