منوہر پاریکر و دیگر راجیہ سبھا کیلئے بلا مقابلہ منتخب

لکھنؤ۔/13نومبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر دفاع منوہر پاریکر اور دیگر 9سیاسی قائدین کو آج اُتر پردیش سے بلا مقابلہ راجیہ سبھا کا رکن منتخب کرلیا گیا۔ سماج وادی پارٹی کے رام گوپال یادو، ریاستی وزیر محمد اعظم خان کی اہلیہ تعزین فاطمہ، سابق وزیر اعظم چندر شیکھر کے فرزند نیرج شیکطر، روی پرکاش ورما، جاوید علی خان اور چندرپال سنگھ یادو ان قائدین میں شامل ہیں جنہیں پارلیمنٹ کے ایوان بالا کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ بی جے پی کے راجہ رام اور ویر سنگھ جبکہ کانگریس کے پی ایل پونیا کو بھی راجیہ سبھا کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔ پرنسپل سکریٹری ودھان سبھا اور راجیہ سبھا انتخابات کے ریٹرننگ آفیسر پردیپ دوبے نے یہ بات بتائی۔ یو پی اسمبلی میں پارٹیوں کے مستحکم موقف کے مطابق حکمراں سماج وادی پارٹی نے چھ نشستوں، بی ایس پی نے دو نشستوں اور بی جے پی و کانگریس نے ایک ، ایک نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔ کانگریسی امیدوار پونیا کو ایس پی کی بھی تائید حاصل تھی۔ یاد رہے کہ منوہر پاریکر وزیر دفاع بنائے جانے سے قبل گوا کے وزیر اعلیٰ تھے لیکن نریندر مودی نے اپنی کابینہ میں توسیع کرتے ہوئے منوہر پاریکر کو وزارت دفاع کا قلمدان تفویض کیا جبکہ گوا کے وزیر اعلیٰ کی ذمہ داری لکشمی کانت پر سیکر کے حوالے کی گئی۔