منوج کمار کو ارجن ایوارڈ ، کپل دیو پر تنقید

نئی دہلی۔ 26 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام)ہندوستانی باکسر منوج کمار نے آج بالآخر ارجن ایوارڈ حاصل کرلیا ہے ، تاہم انھوں نے سلیکشن کمیٹی کے رکن کپل دیو کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور کہاہے کہ کپل دیو نے ان کی مدد نہیں کی ۔ منوج کمار جنھوں نے آج وزیر اسپورٹس سربانندا سنوول کے ہاتھوں ارجن ایوارڈ حاصل کیا ، لیکن وہ سلیکشن کمیٹی کے برتاؤ پر ناراض دکھائی دے رہے تھے ۔ایوارڈ لینے کے بعد اظہارخیال کرتے ہوئے باکسر منوج کمار نے کپل دیو کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ باکسنگ میں میری خدمات قابل ستائش ہیں اور میں اس ایوارڈ کا مستحق تھا لیکن سلیکشن کمیٹی نے مجھے نظرانداز کردیا ۔ منوج نے کہا کہ جب انھوں نے پہلی مرتبہ کپل دیو کو فون کیا تو کپل دیو نے استفسار کیا کہ کیا وہ انھیں جانتے ہیں ؟ تو انھوں نے جواب دیا کہ وہ باکسر منوج ہیں جنھوں نے کامن ویلتھ گیم میں گولڈ میڈل حاصل کیا ہے لیکن ارجن ایوارڈ کی فہرست سے ان کا نام خارج کردیا گیا ہے ، جس پر کپل دیو نے یہ کہتے ہوئے فون کاٹ دیا کہ وہ ان تمام چیزوں پر بات کرنا نہیں چاہتے۔ واضح رہے کہ منوج کمار کو ابتداء میں کپل دیو کی زیرقیادت سلیکشن کمیٹی نے ارجن ایوارڈ کیلئے مسترد کردیا تھا ، جس کے بعد انھوں نے وزارت اسپورٹس سے بھی خاطر خواہ مدد نہ ملنے کے بعد عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا ، جس پر عدالت نے ان کے ساتھ انصاف کیا ہے ۔