نئی دہلی 26 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ امکان ہے کہ جنوری کے پہلے ہفتے میں یہ پریس کانفرنس ہوگی ۔ ڈاکٹر سنگھ پر میڈیا سے گریز کرنے پر تنقیدیں ہوتی رہی ہیں۔ ذرائع نے کہا کہ ڈاکٹر سنگھ کی پریس کانفرنس کی قطعی تاریخ اور مقام کا تعین کیا جا رہا ہے ۔ بہت ممکن ہے کہ نیشنل میڈیا سنٹر میں یہ پریس کانفرنس ہوگی ۔ یہ میڈیا سنٹر کچھ ماہ قبل کارکرد ہوگیا تھا ۔ منموہن سنگھ کی یہ پریس کانفرنس لوک سبھا انتخابات سے قبل ہو رہی ہے اور ان کی دوسری معیاد میں دوسری پریس کانفرنس ہوگی اور بحیثیت مجموعی 10 سال وزارت عظمی دور میں یہ ان کی تیسری پریس کانفرنس ہوگی ۔ منموہن سنگھ ایسے وقت پریس کانفرنس سے خطاب کرنے والے ہیں جبکہ کانگریس کئی مسائل کا شکار ہے ۔ حالیہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی کو بدترین شکست کا سامنا بھی کرنا پڑا ہے ۔
ممتابنرجی کابینہ میں معمولی ردوبدل
کولکتہ ۔ 26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعلیٰ مغربی بنگال ممتابنرجی نے یا تو اصلاحی قدم اٹھاتے ہوئے یا پھر ایک سخت گیر پیغام دینے کے لئے پارتھا چٹرجی سے وزارت کامرس و صنعت کا قلمدان واپس لے لیا۔ ردوبدل کرتے ہوئے انہوں نے یہ قلمدان وزیر مالیات امیت مترا کے حوالے کردیا تاکہ ریاست میں صنعتیانے کے عمل کو مستحکم کیا جاسکے۔ کہا جارہا تھا کہ مسٹر چٹرجی جو ترنمول کانگریس کے جنرل سکریٹری تھے، توقعات پر پورے نہیں اترے جبکہ کابینہ میں انہیں ممتابنرجی کے بعد دوسرا مقام حاصل تھا۔