منموہن سنگھ فینانس سے متعلق کمیٹی کے رکن ہونگے

نئی دہلی 2 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ملک کے معاشی اصلاحات کے معمار سمجھے جانے والے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کو فینانس سے متعلق پارلیمانی اسٹانڈنگ کمیٹی کا رکن نامزد کیا گیا ہے ۔ ان کی نامزدگی کا آج اعلان کیا گیا ہے ۔ اتفاق کی بات ہے کہ منموہن سنگھ حکومت میں کابینی وزیر رہے مسٹر ایم ویرپا موئیلی کو فینانس سے متعلق پارلیمانی اسٹانڈنگ کمیٹی کا صدر نشین نامزد کیا گیا ہے ۔ اس کمیٹی میں کانگریس قائدین ڈگ وجئے سنگھ اور جیوتر آدتیہ سندھیا بھی بحیثیت رکن شامل ہیں۔ بی جے پی کے جئینت سنہا بھی اس کمیٹی کے رکن ہیں۔ اس کے علاوہ ایس ایس اہلوالیہ اور کیرت سومیا کو بھی رکن بنایا گیا ہے

جو بی جے پی کے ارکان ہیں۔ جئینت سنہا ہارورڈ کے تعلیم یافتہ اور سابق وزیر فینانس یشونت سنہا کے فرزند ہیں۔ 1991 میں ڈاکٹر منموہن سنگھ نے پی وی نرسمہا راؤ حکومت میں بحیثیت وزیر فینانس معاشی اصلاحات کا آغاز کیا تھا جس کے بعد ملک کی معیشت میں کافی بہتری پیدا ہوئی تھی ۔ علاوہ ازیں حکومت نے خارجہ امور پر پارلیمانی کمیٹی میں راہول گاندھی کو رکن بنایا گیا ہے جبکہ آج معلنہ کمیٹیوں میں کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کو شامل نہیں کیا گیا ہے ۔ گذشتہ لوک سبھا میں راہول گاندھی فروغ انسانی وسائل اور اسپورٹس کی پارلیمانی اسٹانڈنگ کمیٹی کے رکن تھے ۔ لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ملکارجن کھرگے کو داخلی امور پر کمیٹی کا رکن نامزد کیا گیا ہے جبکہ اس کمیٹی کے سربراہ کانگریس کے رکن پی بھٹاچاریہ ہونگے ۔ دفاع سے متعلق اسٹانڈنگ کمیٹی میں کئی سینئر قائدین کو شامل کیا گیا ہے جن میں بی جے پی کے سینئر لیڈر مرلی منوہر جوشی ‘ سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا اور لوک سبھا میں کانگریس کے ڈپٹی لیڈر امریندر سنگھ بھی شامل ہیں۔

اس کمیٹی میں اولمپک سلور میڈلسٹ راجیہ وردھن سنگھ راٹھوڑ ( بی جے پی ) یوتھ کانگریس کے سربراہ راجیو ساتو ‘ سابق جنرل بی سی کھنڈوری بھی شامل ہیں۔ کھنڈوری کو مرکزی کابینہ میں شامل نہیں کیا گیا تھا ۔ این سی پی کے سربراہ شرد پوار فروغ انسانی وسائل پر اسٹانڈنگ کمیٹی کا رکن نامزد کیا گیا ہے جبکہ ان کے ساتھی پرافل پٹیل کو صنعت سے متعلق کمیٹی کا رکن بنایا گیا ہے ۔ اس کمیٹی کے صدر نشین جے ڈی یو کے لیڈر کے سی تیاگی ہیں۔ سابق وزیر دفاع اور کانگریس لیڈر اے کے انٹونی کو ریلویز سے متعلق اسٹانڈنگ کمیٹی کا رکن بنایا گیا ہے جبکہ پارٹی کے سینئر لیڈر موتی لال ووہرہ بھی اس میں شامل ہیں۔ بی جے پی کے سینئر لیڈر ایل کے اڈوانی کو انفارمیشن ٹکنالوجی سے متعلق کمیٹی کا رکن بنایا گیا ہے جس کے صدر نشین نوجوان رکن انوراگ ٹھاکر ( بی جے پی ) ہیں ۔ اڈوانی کو پبلک انڈر ٹیکنگ سے متعلق کمیٹی کا بھی رکن نامزد کیا گیا ہے جس کے سربراہ سینئر بی جے پی لیڈر شانتا کمار ہیں۔