منفرد ریکارڈ کے ذریعہ ہیوز کو خراج عقیدت

سڈنی۔ یکم ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) آنجہانی بیٹسمین فلپ ہیوز کی آخری رسومات کی تیاریاں جاری ہیں تاہم دوسری جانب وکٹوریہ میں کھیلے جارہے کلب سطح کے مقابلے میں منفرد ریکارڈ کے ذریعہ آسٹریلیائی بیٹسمین کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ طویل طرز تک قائم رہنے والا ریکارڈ جب ٹوٹنے کے قریب آیا تو بلاریٹ کلب کی ٹیم ہاڈن کے کپتان شان مائیک آرتھر جوکہ 220 رنز پر کھیل رہے تھے، اچانک انہوں نے وی آر آئی ڈیلاکومب کے خلاف اننگز کو ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔ کپتان کے اس فیصلے سے ان کے ساتھی کھلاڑی حیرت میں پڑ گئے، تاہم جب انہوں نے دیکھا کہ ٹیم کے اسکور بورڈ پر 63 اوورس میں 408 رنز درج ہیں تو انہیں اندازہ ہوا کہ کپتان نے یہ فیصلہ کیوں کیا۔ کپتان کا فیصلہ دراصل ہیوز کے کریر سے وابستہ ان نمبرات کے ساتھ ہے کیونکہ ٹسٹ کرکٹ میں آسٹریلیا کی نمائندگی کرنے والے ہیوز 408 ویں کھلاڑی ہیں اور جب باؤنسر سے وہ زخمی ہوئے تب وہ 63 رنز پر کھیل رہے تھے۔ ہاڈن کلب کرکٹ ٹیم کے ترجمان وینسنٹ مائیک ڈونالڈنے کہا کہ کپتان کے اس فیصلے پر تمام افراد ان سے مصافحہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اتفاقی واقعہ ہے کیونکہ آپ 220 رنز پر بیٹنگ کررہے ہوں اور مجموعی اسکور 408 درج کیا جاچکا ہو، نیز 63 اوورس کی بولنگ مکمل ہو، ایسا کبھی نہیں ہوتا، تاہم شان نے اس پر غور کیا اور فیصلہ کیا کہ خراج عقیدت پیش کرنے کا یہ منفرد طریقہ ہوگا۔