منصفانہ پنچایت انتخابات کے لیے وسیع تر انتظامات

قواعد کی خلاف ورزی پر سخت انتباہ ، سنگاریڈی میں کلکٹر و ایس پی کی پریس کانفرنس
سنگاریڈی ۔ 19 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : ضلع کلکٹر سنگاریڈی ہنمنت راؤ نے ضلع ایس پی سنگاریڈی ایس چندرا شیکھر ریڈی کے ہمراہ جدید کلکٹریٹ میٹنگ ہال سنگاریڈی میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلع سنگاریڈی میں گرام پنچایت انتخابات کے پرامن انعقاد کے لیے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں ۔ ضلع سنگاریڈی کے جملہ 647 گرام پنچایت اور 5775 وارڈ ممبرس کے انتخابات تین مرحلوں میں مکمل کرلیے جائیں گے ۔ پہلے مرحلے میں سنگاریڈی ڈیویژن کے 12 منڈلوں کے تقریبا 258 گرام پنچایت اور 2395 وارڈ ممبرس کے انتخابات 21 جنوری کو منعقد ہوں گے ۔ نارائن کھیڑ ڈیویژن میں 25 جنوری اور ظہیر آباد ڈیویژن کے انتخابات 30 جنوری کو منعقد ہوں گے ۔ ضلع سنگاریڈی میں بلا مقابلہ منتخب ہونے والے گرام پنچایتوں کے علاوہ تقریبا 238 گرام پنچایتوں میں جملہ 764 سرپنچ اور 2080 وارڈ ممبرس نشستوں کے لیے جملہ 5875 امیدوار انتخابی میدان میں اپنی قسمت آزمائی کررہے ہیں ۔ ضلع کلکٹر نے کہا کہ ضلع سنگاریڈی میں گرام پنچایت انتخابات کے لیے 142 سیکٹورل آفیسرس ، 160 ریٹرننگ آفیسرس اور 54 زونل آفیسرس کا تقرر عمل میں لایا گیا ہے ۔ ضلع کے حساس گرام پنچایتوں کی نشاندہی کرتے ہوئے 21 مائیکرو آبزرور اور 12 خصوصی ویڈیو گرافروں کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں ۔ اسی طرح پرامن اور صاف و شفاف انتخابات کے لیے 2473 پروسیڈنگ اور 2518 اسسٹنٹ پروسیڈنگ آفیسرس کا بھی تقرر عمل میں لاتے ہوئے انہیں تربیت دی گئی ۔ اس کے علاوہ متعلقہ عملہ کے لیے سواریوں کا بھی انتظام کیا گیا ہے ۔ سنگاریڈی ڈیویژن میں 21 جنوری کو گرام پنچایت انتخابات کے پیش نظر تعطیل کا بھی اعلان کیا جارہا ہے ۔ ضلع ایس پی سنگاریڈی ایس چندرا شیکھر ریڈی نے کہا کہ گرام پنچایت انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائیگی ۔ ضلع میں گرام پنچایت کے پرامن انتخابات کے لیے پولیس کی جانب سے وسیع تر انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ اس خصوص میں ضلع سنگاریڈی کی پولیس کے علاوہ حیدرآباد سے مزید پولیس فورس کو بھی طلب کیا جارہا ہے ۔۔