حیدرآباد ۔ /31 ڈسمبر (سیاست نیوز) جشن سال نو کے موقع پر منشیات کے انجکشنس فروخت کرنے والے چار نوجوانوں کو سنتوش نگر پولیس نے گرفتار کرلیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس سنتوش نگر مسٹر سرینواس نے بتایا کہ 22 سالہ سمیر خان ساکن جنگم میٹ فلک نما 27 سالہ محمد شکیل ساکن انجن باؤلی ، 30 سالہ سید غلام محمود ساکن رین بازار چمن یاقوت پورہ اور 35 سالہ شیخ قادر عرف ماموں کونشیلی انجکشنس Fortwin فروخت کررہے تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ جشن سال نو کے موقع پر مذکورہ افراد میڈیکل و انجنیئرنگ کالج کے طلباء کو Fortwin انجکشن فروخت کرنے کا منصوبہ تیار کیا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار افراد علاقہ تالاب کٹہ ، حافظ بابا نگر اور دیگر میڈیکل شاپس سے Fotwin انجکشن حاصل کررہے تھے ۔ فی انجکشن 5 روپئے میں خریدکر اسے خواہشمند نوجوانوں کو 200 تا 1000 روپئے میں فروخت کررہے تھے ۔ مسٹر سرینواس نے بتایا کہ فورٹ ون انجکشن کو اکثر ڈاکٹرس سرجری کے دوران مریض کو بے ہوش کرنے کیلئے استعمال کرتے ہیں لیکن سمیر خان اور اس کے ساتھی یہ انجکشنس خود استعمال کیا کرتے اور انہیں فروخت کررہے تھے ۔