منشیات کی لت سے نمٹنے وزیراعظم کو تجاویز مطلوب

نئی دہلی۔ 5 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) منشیات کی لت سے نمٹنے کے مقصد سے وزیراعظم نریندر مودی نے آج عوام اور این جی اوز سے اس مسئلہ کی یکسوئی کے لئے تجاویز طلب کیں۔ نریندر مودی نے اپنے ’’من کی بات‘‘ ریڈیو پروگرام میں جو گزشتہ اتوار کو پیش کیا گیا، کہا تھا کہ ان کی حکومت کی ویب سائیٹ عوام کے نظریات اور تجربات میں شراکت داری کی تیاریاں مکمل کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ’’من کی بات‘‘ پروگرام میں اپنے دوستوں سے خواہش کرتے ہیں کہ منشیات کی لعنت سے نمٹنے کے لئے اپنے تحریری مشورے اور تجاویز انہیں روانہ کریں۔ وزیراعظم نے اس مسئلہ سے نمٹنے میں مصروف این جی اوز سے بھی تجاویز اور مشورے طلب کئے اور کہا کہ کام کی تکمیل ایک حیرت انگیز کارنامہ ہوگا۔ انہوں نے تیقن دیا کہ اپنے آئندہ ’’من کی بات‘‘ پروگرام میں جو ایک ماہ بعد متوقع ہے، سماجی مسائل کے بارے میں بات چیت کریں گے۔