کالجس کے طلبہ کو نشہ کا عادی بنانے کے خلاف پولیس کی کارروائی
حیدرآباد /27 مارچ ( سیاست نیوز ) کالج کے طلبہ میں منشیات کو فروخت کرنے والے سرغنہ شخص کو پولیس رچہ کنڈہ کی اسپیشل آپریشن ٹیم نے گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایل بی نگر اور ایس او ٹی ایل بی نگر پولیس نے مشترکہ کارروائی کے دوران 23 سالہ روی کمار کو گرفتار کرلائے اور اس کے قبضہ سے 7 گرام کوکین 10 ایل ایس ڈی کے ٹائبلیٹ اور 2 کیلو گانجہ کے علاوہ موٹر سا ئیکل اور سیل فون کو ضبط کرلیا ۔ پولیس کے مطابق گرفتار شخص روی کمار کا تعلق سرسوتی نگر چنتا کنٹہ ایل بی نگر سے بتایا گیا ہے ۔ جبکہ اس کا آبائی مقام ضلع نلگنڈہ سے ہے ۔ تعلیم میں کمزور ہونے کے سبب روی نے انجینیئرنگ ترک کردیا تھا ۔ تعلیم کے زمانے سے ہی اس کو نشہ کی عادت تھی ۔ساتھیوں کے ساتھ ملکر دھول پیٹ میں گلو نامی شخص سے 5 سو روپئے فی پیاکٹ گانجہ خرید کر استعمال کرتا تھا ۔ جس کے بعد سال 2016 میں اس نے ساتھیوں کے ہمراہ گوا کا رخ کیا اور وہاں انہوں نے ایل ایس ڈی نامی نشیلی دوا کا استعمال اور گوا میں گانجہ کی مانگ کو دیکھ کر اس نے اپنی پرتعیش زندگی کیلئے گانجہ فروخت کرنے کا منصوبہ تیار کیا اور اس کے علاوہ منشیات کا کاروبار بھی شروع کردیا ۔ کھمم اور وائزاک کے ایجنسی علاقوں سے گانجہ کم قیمت پر خرید کر اسے زائد قیمت میں فروخت کرنا شروع کردیا اور اسے کوکین ایل ایس ڈی و دیگر منشیات کو حیدرآباد منتقل کرنے کے بعد انہیں کالجس کے طلبہ میں فروخت کر رہا تھا ۔ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے روی کمار کو گرفتار کرلیا اور مزید تحقیقات کیلئے ایل بی نگر پولیس کے حوالے کردیا ۔