پانچ افراد بشمول اصل سرغنہ گرفتار ، اڈیشنل ڈی سی پی ایس او ٹی کی پریس کانفرنس
حیدرآباد /22 جون ( سیاست نیوز ) اسپیشل آپریشن ٹیم سائبرآباد اور کیسرا پولیس نے مشترکہ کارروائی کے دوران منشیات کے ایک بڑے ریاکٹ کو بے نقاب کردیا ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں 5 افراد بشمول اصل سرغنہ کو گرفتار کرتے ہوئے انکے قبضہ سے 14 کیلو منشیات اور بڑی مقدار میں خام اشیاء کو ضبط کرلیا ۔ جو میتھم فیٹامائن نامی نشنیلی شئے تیار کی جارہی تھی ۔ اس خصوص میں پولیس نے بتایا کہ اصل سرغنہ 34 سالہ رمیش ساکن میڑپلی 27 سالہ سنتوش کمار 33 سالہ انیل 33 سالہ روشن اور 34 سالہ کے رامچندر کو گرفتار کرلیا ۔ ایڈیشنل ڈی سی پی ایس او ٹی مسٹر رامچندر ریڈی اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس الوال مسٹر محمد رفیق و دیگر نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ضبط شدہ نشیلی ادویات اور خام اشیاء کے ذریعہ ایسی نشیلی شئے تیار کی جارہی تھی جو کہ کوکین اور افیم سے بھی زیادہ خطرناک بتائی گئی ہے اور اس نشیلی دواء کا مسلسل استعمال سے انسانی صحت کو بہت زیادہ خطرہ لاحق رہتا ہے ۔ اس دواء کو اکثر لوگ ازدواجی زندگی اور جسمانی خواہشات کی تکمیل کیلئے بھی استعمال کر رہے ہیں ۔ کیسرا پولیس اور ایس او ٹی نے مشترکہ کارروائی کے ذریعہ اس ریاکٹ کو بے نقاب کیا اور مزید تحقیقات میں جٹی ہوئی ہے ۔