مندر میں گیس سلنڈر پھٹنے سے پانچ افراد زخمی

حیدرآباد 30جنوری (یواین آئی) آندھراپردیش کے ضلع کرشنا کے ایک مندر میں گیس سلینڈر پھٹ جانے سے تین بچوں سمیت پانچ افراد جھلس گئے ۔یہ واقعہ ضلع کرشنا کے اونگوٹور منڈل کی سائی بابا مندر میں کل شام پیش آیا۔بتایا جاتا ہے کہ یہ ہیلیم کا گیس سلینڈر ہے ۔جھلسے ہوئے افراد کو علاج کے لئے فوری طورپر اسپتال منتقل کرادیا گیا ہے ۔اس واقعہ کے ساتھ ہی مندر میں شردھالووں میں بے چینی پیدا ہوگئی ۔

تروملا کے جنگلاتی علاقہ میں دھماکہ خیز اشیا ضبط
حیدرآباد 30جنوری (یواین آئی) آندھراپردیش کے تروملا کے جنگلاتی علاقہ میں کل رات ٹاسک فورس کی جانب سے معمول کی تلاشی کے دوران دھماکہ خیز اشیا ئبرآمد ہوئی جن میں بڑے پیمانہ پر کیاپاسیٹر، کنڈکٹرس ، ریگولیٹرس ، آئی سی ، ایل ای ڈی بلبس، کنڈنسرس اور سرکٹ بورڈس شامل ہیں۔ ٹاسک فورس اور پولیس نے سونگھنے والے کتوں کی خدمات حاصل کی تاکہ اس کی مزید تفصیلات معلوم کی جاسکیں۔ان اشیا کی ضبطی کے ساتھ ہی تروملا جانے والے راستوں پر تلاشی مہم میں شدت پیداکردی گئی ہے اور سیکوریٹی میں اضافہ بھی کردیا گیا ہے ۔پولیس اس بات کی جانچ کر رہی ہے کہ آیا پولیس کو نشانہ بنانے کے لئے تو یہ دھماکہ خیز اشیا نہیں لائی گئی تھیں۔