مندر سے سرقہ کرنے والا سارق گرفتار

حیدرآباد ۔ 10 ۔ فروری (سیاست نیوز) بھگت کے بھیس میں مندر میں داخل ہوکر سرقہ کرنے والے ایک عادی سارق کو چکڑ پلی پولیس نے گرفتار کرلیا اور اس کے قبضہ سے مسروقہ طلائی زیورات برآمد کرلئے۔ بتایا جاتا ہے کہ 26 سالہ کے پوچیا عرف راجو متوطن ضلع میدک 5 فروری کو کرشنا نگر کالونی بھولکپور میں سنتوشی ماتا مندر میں داخل ہوکر مورتی کے طلائی زیورات کا سرقہ کرلیا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ پوچیا مندروں میں سرقہ کرنے کا عادی سارق ہے اور وہ بھگت کے بھیس میں داخل ہوکر پوجا کرنے کے بہانے مورتیوں کے طلائی زیورات کا سرقہ کیا کرتا تھا۔ سال 2012 ء میں میاں پور پولیس اور سال 2014 ء میں مہانکالی پولیس نے پوچیا کو مندروں میں سرقہ کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ گاندھی نگر پولیس نے گرفتار سارق کے قبضہ سے 6 تولے طلائی زیورات جس کی مالیت ایک لاکھ 70 ہزار بتائی جاتی ہے ، برآمد کرلیا۔