مندروں میں سرقہ کرنے والا عادی سارق گرفتار

حیدرآباد 19 جون (سیاست نیوز) مہانکالی پولیس نے ایک عادی سارق کو گرفتار کرلیا جو شہر کے مختلف مندروں میں پوجا کے بہانے داخل ہوکر مورتیوں کے قیمتی زیورات و دیگر اشیاء کا سرقہ کیا کرتا تھا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس نارتھ زون شریمتی جئے لکشمی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ 24 سالہ کے پوچیا ساکن مونڈہ مارکٹ سکندرآباد کا تعلق سدا شیو پیٹ ضلع میدک سے ہے ۔ پوچیا ایک عادی سارق ہے اور سابق میں اسے سائبرآباد کی میاں پور پولیس نے مندروں میں سرقہ کے سلسلہ میں گرفتار کیا تھا۔ مذکورہ ملزم کا طریقہ کار بتاتے ہوئے شریمتی جئے لکشمی نے بتایا کہ پوچیا پہلے مندر کی نشاندہی کرتے ہوئے پوجا کے بہانے اندر داخل ہوکر مورتی پر موجود زیورات و دیگر قیمتی اشیاء کا تجزیہ کرنے کے بعد ان کا سرقہ کیا کرتا تھا۔ بعدازاں مسروقہ زیورات کو فروخت کردیا کرتا۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے چار لاکھ مالیتی مسروقہ اشیاء برآمد کرلئے ۔ شریمتی جئے لکشمی پریس کانفرنس میں دیگر دوعادی سارقین کی گرفتاری سے متعلق تفصیلات کا انکشاف بھی کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ مہانکالی پولیس نے شہر کے خطرناک مجرم شیخ حاجی بابا کو گرفتار کرلیا جو مہانکالی اور ماریڈ پلی علاقوں میں سرقہ کی وارداتوں میں ملوث تھا۔ انہوں نے بتایا کہ حاجی کے قبضہ سے 52 ہزار نقد رقم برآمد کی گئی ہے۔ اسی طرح مونڈہ مارکٹ پولیس کے کرائم اسٹاف نے بھی ایک رہزن کو گرفتار کرلیا بتایا جاتا ہے کہ کے چرنجیوی ساکن کرمن گھاٹ سائبرآباد کو پاٹ مارکٹ سکندرآباد میں اس وقت گرفتار کرلیا گیا جب وہ مسروقہ مال فروخت کرنے کی کوشش کررہا تھا۔