منجو کے ایشین سلور کو برونز سے بدل دینے کا اندیشہ

نئی دہلی ، 6 مئی (سیاست ڈاٹ کام)اِنچیون ایشین گیمز میں ہندوستانی اتھلیٹ منجو بالا کو حاصل شدہ سلور میڈل کا درجہ گھٹاتے ہوئے اسے برونز سے تبدیل کردیا گیا ہے جبکہ ایک چینی اتھلیٹ جس پر تب ڈوپنگ کا الزام عائد ہوا تھا، آج اسے ویمنس ہیمر تھرو ایونٹ کے گولڈ میڈلسٹ کی حیثیت سے بازمامور کیا گیا ہے۔ چینی ہیمر تھروور زانگ وینگزیو کو اب گولڈ واپس کردیا جائے گا کیونکہ انھوں نے ڈوپنگ کا امتناع برخواست کرانے میں کامیابی پائی ہے جبکہ اس کھیل کیلئے ثالثی عدالت نے اُن کی اپیل یہ کہتے ہوئے حق بجانب قرار دی کہ اُن کا مثبت کیس آلودہ غذا کی وجہ سے برآمد ہوا تھا ۔ زانگ نے انچیوان گیمس کے ویمنس ہیمر تھرو ایونٹ میں 77.33 میٹر کی بہترین تھرو کے ساتھ گزشتہ سال 28 سپٹمبر کو گولڈ جیتا تھا لیکن بعد میں انھیں نااہل قرار دے کر طلائی تمغے سے محروم کردیا گیا تھا ۔ اس کامپٹیشن سے قبل اُن کے ڈوپ ٹسٹ کے نمونوں میں ممنوعہ مادہ Zeranol کے اثرات پائے گئے تھے۔