منامہ میں کینسر کے خلاف مہم

منامہ۔ 5؍اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ شہر کا افق جاریہ ماہ ہر شام گلابی رنگ میں نہا جائے گا تاکہ چھاتیوں کے کینسر کے خلاف جدوجہد کرنے والی خواتین کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ اہم مقامات بشمول عالمی تجارتی مرکز اور بحرین معاشی بندرگاہ، بحرین کینسر سوسائٹی کی اس مہم میں شرکت کررہے ہیں۔ انہوں نے منامہ کو گلابی دارالحکومت کا نام دیا ہے۔ منامہ کے قلب میں واقع دیگر عمارتیں جیسے انٹر کانٹیننٹل ریجنسی بحرین، ڈپلومیٹ ریڈیسن بلیو ہوٹل، ریسیڈنس اور اسپا، وائی بی اے کانو ٹاورس اور الیٹ ہاسپٹالیٹی گروپ کے زیر اہتمام ہوٹلیں اپنی تمام بیرونی روشنیاں بند کردیں گی اور گلابی روشنی کی جائے گی تاکہ جان لیوا مرض کے بارے میں شعور بیدار کیا جائے اور باقاعدہ طبی معائینے کروانے کیلئے خواتین کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ اکتوبر کا مہینہ چھاتی کے کینسر کے بارے میں شعور کی بیداری کے مہینے کے طور پر دنیا بھر میں منایا جارہا ہے اور اس مرض کے مقابلے کے لئے فنڈس جمع کئے جارہے ہیں۔