مناسک کے دوران پاکستانی خاتون کو لڑکا تولد

منیٰ ۔ 23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی عازم حج ایک خاتون کو سالانہ مناسک حج کے پہلے دن منگل کے روز منی الودای ہاسپٹل میں ایک لڑکا تولد ہوا جس کا نام محمد علی رکھا گیا ہے۔ خیموں کے شہر منیٰ میں رواں مناسک کے دوران کسی بچہ کی یہ پہلی پیدائش ہے۔ منی الوادی ہاسپٹل کے ڈائرکٹر ڈاکٹر محمد ملائباری نے کہا کہ زچگی حسب معمول رہی۔ زچہ اور بچہ دونوں کی صحت ٹھیک ہے۔
معالجین نے کہا کہ زچہ کو ذیابیطس کا عارضہ ہے چنانچہ ان کی مؤثر طبی نگہداشت کی جارہی ہے۔ نومولود کے والد نے کہا کہ منیٰ میں آمد کے بعد ان کی بیوی دردزہ میں مبتلاء ہوگئی تھیں جنہیں فوری طور پر منیٰ الوادی ہاسپٹل منتقل کیا گیا تھا جہاں لڑکا پیدا ہوا۔ باپ نے اس مقدس سرزمین پر اپنی بیوی کی زچگی اور بیٹے کی پیدائش پر خوشی کا اظہار کی۔