لبیک حج سوسائٹی محبوب نگر کا تربیتی اجتماع، علماء کی مخاطبت
محبوب نگر /4 مئی (پریس نوٹ) لبیک حج سوسائٹی محبوب نگر کی جانب سے رائل فنکشن ہال مستقر محبوب نگر میں عازمین حج کے لئے منعقدہ تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید رؤف علی قادری ملتانی نے کہا کہ حج جسمانی و مالی عبادت ہے، لہذا حج کا عزم کرنے والوں کے لئے لازم ہے کہ مناسک حج سیکھیں اور اس کو صحیح طریقے سے ادا کرنے کی کوشش کریں۔ مولانا نے مزید کہا کہ ہر طرح کی عبادت بشمول حج بارگاہ خداوندی میں پیش کیا جانے والا ایک عظیم تحفہ ہے۔ مولانا خواجہ فیض الدین نقشبندی نے مناسک حج سے متعلق تفصیلات پیش کرتے ہوئے کہا کہ مناسک حج دراصل ایثار و قربانی کا عملی پیغام ہے، جس پر عمل آوری کے ذریعہ نہ صرف فریضہ حج ادا ہوگا، بلکہ ایثار و قربانی کے جذبہ کے تحت حقوق العباد کی ادائیگی کی راہ بھی ہموار ہوگی۔ مولانا نے کہا کہ عازمین اپنے دلوں میں اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت پیدا کریں اور مقامات مقدسہ کا احترام کرتے ہوئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کریں۔ بعد ازاں مولانا نے عازمین کی جانب سے کئے گئے سوالات کے تشفی بخش جوابات دیئے۔ انھوں نے کہا کہ خواتین اگر اپنے نجی مسائل اور ان کا شرعی حل جاننا چاہتی ہیں تو حافظہ حسنی فاطمہ صدر معلمہ دارالعلوم عربیہ محبوب نگر للبنات سے فون نمبر 9642499709 پر ربط پیدا کریں۔ جناب غلام غوث صدر سوسائٹی نے احرام باندھنے کی عملی تربیت دی۔ اس موقع پر نائب صدر سوسائٹی جناب سید مسعود احمد نقشبندی، خازن جناب محمد اسماعیل نقشبندی، حافظ محمد رسول خاں، جناب محمد حضرمی، جناب سید سلطان علی کے علاوہ عازمین حج کی کثیر تعداد موجود تھی۔