مناسب نشستیں نہیں ملیں تو اپنے دم پر لڑیں گے انتخابات : مایاوتی 

لکھنؤ : بہوجن سماج پارٹی بی ایس پی صدر مایاوتی نے ایک بار پھر دوہرایا کہ بی ایس پی قابل قدر نشستیں نہ ملنے پر کسی کے ساتھ اتحاد نہیں کرے گی او راپنے بل بوتے پر انتخابات لڑیں گے ۔مایاوتی نے کہا کہ انتخابی اتحاد کیلئے پارٹی نے قابل احترام نشستیں ملنے کی شرط رکھی ۔انہوں نے کہا کہ اتحاد میں بی ایس پی نشستوں کیلئے کسی سے بھیک نہیں مانگے گی ۔

انہوں نے کہا کہ قابل احترام نشستیں نہ ملنے پر بی ایس پی پارٹی اپنے دم پر الیکشن لڑیں گی ۔ مایاوتی نے بی ایس پی کے بانی کانشی رام کی برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی آنجہانی کانشی رام کے ’’ سروجن ہتائے ، سروجن سکھائے ‘ کے فلسفہ کیساتھ ملک کی ترقی کی راہ پر آگے بڑھانے کا کام کرے گی ۔ بی ایس پی صدر نے کارکنوں سے راجستھان ، مدھیہ پردیش ، چھتیس گڑھ اور تلنگانہ میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کی تیاریو ں میں متحد ہونے کا اعلان کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی ایس پی دلتوں، قبائیلوں ، پچھڑے طبقات کے معاملہ میں کبھی سمجھوتہ نہیں کرسکتی ۔چاہے اس کے لئے کتنی ہی نفرتیں او رتشدد ہی کیوں نہ جھیلنا پڑے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی او رکانگریس پارٹی سے ان طبقات کے بڑے مفادات او رعزت واحترام کی توقع بھی نہیں کی جاسکتی لیکن ان کی توہین بھی ہم برداشت نہیں کرسکتے ہیں۔اس لئے انتخابی اتحاد کیلئے ہماری پارٹی نے قابل قدر نشستیں ملنے کی شرط رکھی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دونوں پارٹیاں معاشرہ کے غرباء کے خیر خواہ نہیں ہیں ۔ آزادی کے ۷۰؍ سال بعدبھی غریبوں کی حالت ابتر ہے ۔