حیدرآباد ۔ /6 ستمبر (سیاست نیوز) ٹاسک فورس پولیس نے ممنوعہ گھٹکے کے کاروبار میں ملوث 5 افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضے سے بھاری مقدار میں گٹکھا اور دیگر تمباکو اشیاء برآمد کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ سنٹرل زون ٹاسک فورس کی ٹیم نے مشیرآباد باکارام روڈ پر واقع امبیکا اسٹورس پر دھاوا کیا اور وہاں سے 34 تمباکو اشیاء سے لدے ہوئے بیاگس برآمد کرلئے ۔ پولیس نے بتایا کہ اس کاروبار میں ملوث 53 سالہ ڈی موہن کمار ، 42 سالہ محمد ساہول ، 35 سالہ محمد فاروق ، 21 سالہ ایم مہیش اور 18 سالہ بی سریدھر کو گرفتار کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ڈی موہن کمار امبیکا اسٹورس کا مالک ہے جو ممنوعہ گٹکھا اور دیگر تمباکو اشیاء کا کاروبار کررہا تھا ۔ پاسنجر آٹو میں چھپاکر یہ گٹکھا شہر کے مختلف علاقوں میں پہونچایا جاتا تھا اور وہاں سے پڑوسی ریاست کرناٹک منتقل کیا جاتا تھا ۔ اس کاروبار میں ملوث محمد خالد عرف اطہر سید کی پولیس کو تلاش ہے ۔ گرفتار شدہ افراد کو ضبط شدہ گٹکھا کے ساتھ پولیس مشیرآباد کے حوالے کردیا ۔