حیدرآباد۔/21اگسٹ، ( سیاست نیوز) راچہ کنڈہ پولیس کی اسپیشل آپریشن ٹیم نے ممنوعہ ڈرگس اور ہیروئن کی اسمگلنگ اور فروخت میں ملوث 3 افراد کو گرفتار کرلیا۔ جوائنٹ کمشنر آف پولیس راچہ کنڈہ مسٹر سدھیر بابو نے بتایا کہ محمد شمنید جس کا تعلق کیرالا سے ہے ممنوعہ ڈرگس کی بڑے پیمانے پر اسمگلنگ کرتے ہوئے وہ شہر میں خواہشمند گاہکوں کو ڈرگس فراہم کررہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ شمنید سال 2010 میں سعودی عرب سے شہر منتقل ہوا تھا چونکہ اس کے والدین سعودی میں مقیم ہیں۔ وہ شہر منتقل ہونے کے بعد گانجہ کے سگریٹس، ایل ایس ڈی ڈرگس اور دیگر منشیات کا عادی ہوگیا۔ تین ماہ قبل شمنید گوا گیا تھا جہاں پر اس کی ملاقات ایک شخص سے ہوئی اور اس نے وہاں سے ایل ایس ڈی ڈرگس کے 20 بلاٹ خرید کر شہر منتقل کیا اور عطا پور راجندر نگر کے ساکن طالب علم عذیر احمد اور پی وینکٹیش ساکن ملک پیٹ کو فروخت کیا۔ جاریہ سال اگسٹ میں شمنید دوبارہ شہر پہنچ کر بیگم پیٹ علاقہ میں کرایہ کا کمرہ حاصل کیا۔ اسی دوران بتایا جاتا ہے کہ عذیر احمد کی پیدائش سعودی عرب کے شہر دمام میں ہوئی اور وہ سال 2013 میں شہر حیدرآباد منتقل ہوا اور عطا پور علاقہ میں واقع ایک فلیٹ میں رہنے لگا۔ شمنید گوا سے ڈرگس حاصل کرکے عذیر احمد اور وینکٹیش کو دوگنے دام میں فروخت کرنے لگا۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر اسپیشل آپریشن ٹیم نے انہیں گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں ممنوعہ ڈرگس برآمد کرلئے۔