حیدرآباد ۔ /24 جنوری (سیاست نیوز) ریاستی حکومت کی جانب سے گٹکھا اور تمباکو اشیاء کے کاروبار پر امتناع عائد کرنے کے بعد پولیس کی جانب سے کارروائی میں شدت پیدا کردی گئی ہے ۔ ٹاسک فورس ایسٹ زون ٹیم نے بہادر پورہ علاقہ میں واقع ریگل چھالیہ اسٹورس پر دھاوا کرتے ہوئے اس کے مالک مرزا رحمت بیگ کو گرفتار کرلیا اور اس کے قبضے سے 5 لاکھ مالیتی مختلف برانڈس کے زردہ اور دیگر تمباکو اشیاء برآمد کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ گزشتہ تین سال سے رحمت بیگ چھالیہ اسٹور چلارہا ہے اور تمباکو اشیاء فروخت کرتا آرہا ہے ۔ گزشتہ ماہ اس نے نامعلوم شخص سے بھاری مقدار میں تمباکو اشیاء خریدا اور اپنی دوکان میں رکھ کر اسے فروخت کررہا تھا ۔ اس بات کی اطلاع ملنے پر ٹاسک فورس ایسٹ زون ٹیم نے دھاوا کرتے ہوئے مختلف برانڈ کے سگریٹس ، زردہ اور دیگر تمباکو اشیاء برآمد کرلیا ۔ ضبط شدہ اشیاء کی قیمت 5 لاکھ بتائی جاتی ہے اور مزید کارروائی کیلئے اسے بہادر پورہ پولیس کے حوالے کردیا گیا ۔