کولکتہ ۔ 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتابنرجی نے آج کہا کہ انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی اور وزیرخارجہ سشماسوراج کو اپنے حالیہ دورہ بنگلہ دیش کے نتائج سے حیرت زدہ کردیا ہے۔ ممتابنرجی 8 مارچ کو نئی دہلی روانہ ہوں گی تاکہ وزیراعظم نریندر مودی سے ملاقات کرکے قرض معاف کرنے کے مسئلہ پر تبادلہ خیال کرسکیں۔ اس سوال پر کہ کیا تیستامعاہدہ مودی کے ساتھ بات چیت کا موضوع ہوگا۔ انہوں نے اس کا جواب دینے سے گریز کیا اور کہا کہ میرے حالیہ دورہ بنگلہ دیش سے وزیراعظم اور وزیرخارجہ دونوں حیران ہیں۔ تیستا آبی مسئلہ اور ہند ۔ بنگلہ دیش تعلقات کی تفصیلات پر دونوں حیرت زدہ ہے۔ دونوں قائدین کے نام میرے مکتوب میں میں کہہ چکی ہوں کہ دونوں ممالک کے تعلقات بہتر بنانا ضروری ہے۔ وزیراعظم ممتابنرجی کے دورہ کے چند دن بعد بنگلہ دیش کا دورہ کرنے والے ہیں۔ بنرجی نے تیستامسئلہ کی خوشگوار یکسوئی میں تعاون کا تیقن دیا ہے۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی نے چند دن قبل بنگلہ دیش کا دورہ کیا تھا اور وزیراعظم بنگلہ دیش شیخ حسینہ سے ان کی ملاقات کے دوران دریائے تیستا کے پانی میں شراکت داری کے موضوع پر خاص طور پر تبادلہ خیال ہوا تھا اور امکان ہیکہ جلد ہی اس کا معاہدہ ہوجائے گا۔