ممبئی۔ 4 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سربراہ شیوسینا ادھو ٹھاکرے نے آج چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی کو ان کی ریاست میں کمیونسٹوں کا صفایا کرنے والی ’’شیرنی‘‘ قرار دیتے ہوئے تعریف و ستائش کی اور کہا کہ یہ کام کانگریس اور بی جے پی کرنے میں ناکام رہے تھے۔ یہ ریمارکس دو روز بعد سامنے آئے ہیں جبکہ ٹھاکرے نے ٹی ایم سی کی سربراہ سے جنوبی ممبئی کی ایک ہوٹل میں ملاقات کی تھی۔ سینا نے پارٹی ترجمان ’’سامنا‘‘ کے اداریہ میں کہا کہ ممتا بنرجی کے بعض موقف بھلے ہی متنازعہ ہوسکتے ہیں اور بعض دیگر شیوسینا سے مطابقت نہ رکھتے ہوں لیکن اپنی ریاست میں انہوں نے کمیونسٹوں کا صفایا کیا جن کے خلاف شیوسینا نے ہمیشہ لڑائی لڑی ہے۔ اس ’’شیرنی‘‘ نے وہ کام کیا جو کانگریس اور بی جے پی نہ کرسکے۔ ممتا بنرجی نے کمیونسٹوں کی 25 سالہ حکمرانی ختم کی ہے۔ ’’ایسا کرنے کیلئے ممتا بنرجی کو ای وی ایم مشینوں سے چھیڑ چھاڑ کرنے یا ووٹ خریدنے کی ضرورت نہیں پڑی ، عوام نے انہیں کافی بھروسہ کے ساتھ ریاست کی قیادت کی ذمہ داری سونپی، لیکن اب مغربی بنگال میں ترقی کو روکنے اور اقتصادی مسائل پیدا کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ یہ بالکلیہ درست نہیں کہ کسی ریاست کی پریشانیوں میں اضافہ کرکے اسے پیچھے ڈھکیل دیا جائے، محض اس لئے کہ وہ آپ کے خیالات سے اتفاق نہیں کرتی ‘‘۔