ممتا بنرجی نے الیکشن کمیشن کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے

7 عہدیداروں کے تبادلوں سے اتفاق
نئی دہلی ؍ درگاپور 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) الیکشن کمیشن کے خلاف شعلہ بیانی کے بعد چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے کمیشن کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے اور 7 اعلیٰ عہدیداروں کے تبادلے کرنے الیکشن کمیشن کی ہدایت پر عمل کیا۔ الیکشن کمیشن نے کل اپنے احکام میں ممتا بنرجی حکومت کو ہدایت دی تھی کہ اِس کے حکم کی تعمیل کی جائے۔ الیکشن کمیشن نے 4 آئی پی ایس عہدیداروں اور 3 آئی اے ایس عہدیداروں کا تبادلہ کرنے کا حکم دیا تھا جن کے خلاف شکایات وصول ہوئی ہیں۔ چیف منسٹر و ترنمول کانگریس سربراہ ممتا بنرجی نے درگاپور میں اخباری نمائندوں سے کہاکہ وہ 4 سپرنٹنڈنٹ پولیس ایک ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اور دو ایڈیشنل مجسٹریٹ کا تبادلہ کرنے سے اتفاق کرتی ہیں۔ اُنھوں نے الیکشن کمیشن کے خلاف تصادم کی راہ سے گریز کیا ہے۔