ممتا بنرجی سے بھی سی بی آئی پوچھ گچھ ضروری

کرشنا نگر (مغربی بنگال) 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کے قومی سکریٹری سدھارتھ ناتھ نے آج مطالبہ کیاکہ سی بی آئی کو چیف منسٹر ممتا بنرجی سے بھی ملٹی کروڑ شاردھا اسکام کیس میں پوچھ گچھ کرنی چاہئے۔ سی بی آئی ایک ہی کیس میں دو افراد کے ساتھ مختلف رویہ اختیار نہیں کرسکتی۔ سی بی آئی کو ممتا بنرجی سے پوچھ گچھ کرنی چاہئے کیوں کہ تحقیقاتی ایجنسی کو دوہرا معیار اختیار نہیں کرنا چاہئے۔ شاردھا چیف سدیتا سین، ممتا بنرجی اور مکل رائے کے درمیان ملاقات ہوئی ہے اور اِن تینوں نے ضلع وار چکنگ کے علاقہ ڈبلیو میں بات چیت کی تھی جس کا مکل رائے نے برسر عام اعتراف بھی کیا ہے۔ اگر سی بی آئی نے پوچھ گچھ کے لئے مکل رائے کو طب کیا ہے تو ایسی صورت میں وہ ممتا بنرجی کو بھی طلب کرسکتی ہے کیوں کہ اسی قواعد و قانون کے تحت ممتا بنرجی سے بھی پوچھ گچھ کی جاسکتی ہے۔ بی جے پی کے ریاستی اُمور کے انچارج جے سدھارتھ ناتھ سنگھ نے کہاکہ ترنمول کانگریس میں ناراضگیاں پیدا ہورہی ہیں۔ ہر گزرتے دن ترنمول کانگریس کمزور ہورہی ہے۔ بی جے پی لیڈر نے کہاکہ ٹی ایم سی کسی بھی داغدار لیڈر کے خلاف کارروائی نہیں کرے گی۔ یہ پوچھے جانے پر کہ مکل رائے بی جے پی میں شامل ہوں گے، اُنھوں نے کہاکہ ان کی پارٹی کسی بھی بدعنوان لیڈر کو شامل نہیں کرے گی۔