ممتا بنرجی سے اتحادممکن نہیں

کولکتہ ۔ 30 اگست ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) بائیں بازو پارٹیوں نے جس میں بڑی حلیف پارٹی سی پی آئی ایم بھی شامل ہے آج بی جے پی کا مقابلہ کرنے کے لئے ترنمول کانگریس کے ساتھ اتحاد کرنے کے امکان کو مسترد کردیا ۔ کل ہی چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے کہا تھا کہ کمیونسٹوں کے بشمول سیاست میں کوئی بھی ’’اچھوت‘‘ نہیں ہوتا ۔ سی پی آئی لیڈر گرداس داس گپتا نے یہاں بتایا کہ ترنمول کانگریس یا ممتا بنرجی کے ساتھ اتحاد کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔ اس پارٹی کی سیاست اور پالیسیوں کے باعث اتحاد ممکن نہیں ہے اور مغربی بنگال میں بی جے پی جس طرح اپنی بنیادیں مضبوط کررہی ہے اس کے مدنظر اتحاد نہیں کریں گے بلکہ ہم کو اگر فرقہ پرست بی جے پی سے مقابلہ کرنا ہوگا تو ہم اپنے بل بوتے پر مقابلہ کریں گے ۔ کل ایک انٹرویو میں ترنمول کانگریس سربراہ نے ایک سوال پر کہ آے وہ بائیں بازو پارٹیوں کے ساتھ اتحاد کی خواہاں ہیں اس پر انھوں نے کہاکہ اس موضوع پر بات چیت ہوسکتی ہے ۔ سی پی آ ئی ایم کے پولٹ بیورو رکن سوریا کانت مشرا نے جو اپوزیشن لیڈر بھی ہیں کہا کہ مغربی بنگال میں بی جے پی کو لانے والی وہی پہلی لیڈر ہیں ۔ انھوں نے ہی 1998 ء میں بی جے پی سے ہاتھ ملایا تھا ۔ دیگر بائیں بازو پارٹیوں نے جس میں فارورڈ بلاک اور آر ایس پی بھی شامل ہیں ممتا بنرجی کے خیال کو مسترد کردیا اور کہا کہ ترنمول سے اتحاد نہیں ہوگا ۔ یہ دیکھا جانا ضروری ہے کہ کوئی قدم اٹھانے سے قبل اس طرح کے بیانات کون دے رہا ہے ۔