ممتا بنرجی، کجریوال کا شرکت سے اتفاق‘ سارے چیف منسٹرس مدعو

کولکاتا؍ نئی دہلی، 28 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال اور دہلی کے چیف منسٹرس ممتا بنرجی اور اروند کجریوال 30 مئی کو نریندر مودی کی وزیراعظم کے طور پر نئی دہلی میں حلف برداری تقریب میں شرکت کریں گے۔ ترنمول کانگریس کی سربراہ نے آج اسٹیٹ سکریٹریٹ میں میڈیا کو بتایا کہ اس تقریب کا دعوت نامہ آج موصول ہوا اور وہ ’دستوری خیرسگالی‘ کے طور پر تقریب میں شریک ہوں گی۔ دہلی حکومت کے ایک عہدہ دار نے کجریوال کو دعوت وصول ہونے کی توثیق کی ہے۔ دراصل نریندر مودی کی طرف سے ملک کے تمام چیف منسٹروں اور ساری اپوزیشن پارٹیوں کے سربراہوں کو اس تقریب کیلئے دعوت دی گئی ہے۔ نیز تمام بمسٹیک ممالک کے ساتھ بعض دیگر ملکوں کے قائدین کو بھی مدعو کیا گیا ہے جن کی طرف سے 30 مئی کی تقریب میں شرکت کی توثیق وصول ہوچکی ہے۔ ماریشس، کرغزستان (ایس سی او کا موجود صدر)، بنگلہ دیش، سری لنکا، نیپال، میانمار، تھائی لینڈ، بھوٹان کے قائدین کی شرکت متوقع ہے۔