ممتاز قلم کاروںکی ادبی خدمات کااعتراف

اُردو رائٹرس فورم گلبرگہ کے زیر اہتمام تہنیتی تقریب کا انعقاد

گلبرگہ۔ 31 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جناب اکرم نقاش معتمد اردو رائٹرس فورم کے پریس نوٹ کے بموجب معروف جدید افسانہ نگار ڈاکٹراکرام باگ نے اردو رائٹرس فورم گلبرگہ کے زیر اہتمام  گلبرگہ میں جلسہ اعتراف خدمات و تہنیت میں ممتاز افسانہ نگار جناب شاہد فریدی کی ادبی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ شاہد فریدی جس زمانہ میں افسانے تخلیق کررہے تھے وہ دور ترقی پسندی تحریک کے زوال اور جدیدیت کے آغاز و ارتقا کا دور تھا۔لیکن شاہد فریدی کسی تحریک اور رحجان سے متاثر ہوئے بغیر افسانے لکھتے رہے۔ ان کا فن ذاتی  نوعیت کا ہے۔ نہ وہ کسی  سے متاثر ہوئے اور نہ ہی انھوں نے اپنی انفرادیت کو مجروح ہونے دیا ۔ اکرم نقاش نے لطیف ایک انوکھا تخلیق کار کے زیر عنوان مقالہ پیش کیا۔ انھوں نے کہا کہ لطیف ایک منفرد نظم نگار و افسانہ نگار ہیں ۔ان کی نظمیں سینکڑوں نظموں کے درمیان بھی اپنی انفرادیت کی وجہ سے پہچانی جاتی ہیں ۔22جنوری کو منعقدہ  جلسہ اعتراف خدمات سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر وحید انجم نے ڈاکٹر جلیل  تنویر کے افسانوی اور نظموں کا تفصیلی جائیزہ لیا اور ان کے فن  پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے کہا کہ ڈاکٹر جلیل تنویر کا بچپن المیوں  اور کرب ناکیوں سے گزرا اور یہی المیہ اور کرب ناکیاں ان کے افسانوں کا موضوع بنیں۔ جدید افسانہ نگار جناب ریاض قاصدار کے فن پر اظہارخیال کرتے ہوئے جناب واجد اختر صدیقی نے  نئی ڈگر کا راہی  کے زیر عنوان اپنے مقالہ میں کہاکہ ریاض قاصدار جدید افسانہ نگار ہیں اور ان کا افسانوی مجموعہ عکس لرزاں منظر عام پر آچکا ہے۔ جزئیات نگاری  میں ریاض قاصدار بڑے طاق ہیں ۔ ان کے افسانے تمثیلی ابہام سے پر ہوتے ہیں ۔ جلسہ  کا آغاز جناب مظہر کی قرآت کلام پاک سے ہوا۔ جواں سال شاعرحسن محمود نے خیر مقدم کیا۔جناب طیب یعقوبی اور جناب خواجہ معین الدین نے نعت رسولؐ کا نذرانہ پیش کیا ۔ اعتراف خدمات کے جلسہ کے اختتام کے بعداردو زبان و ادب سے وابستہ شخصیات جو  حال ہی میں وظیفہ حسن خدمت پر سبکدوش ہوئی ہیں ان کی خدمات پر رائیٹرس فورم کی جانب سے تہنیت  پیش کی گئی ۔تہنیت سے قبل انجینئر اکرم نقاش نے تمام شخصیات کے بارے میں مختصر مگر دلچسپ تعارف پیش کیا۔ ان اصحاب میں ڈاکٹر وحید انجم، وی احمد، میر شاہ نواز خان شاہین، امجد  جاوید،پیر زادہ فہیم الدین، منظور وقار، خواجہ پاشاہ انعامدار،اور ڈاکٹر محمد افتخار الدین شامل ہیں ۔ ڈاکٹر وہاب عندلیب، سلیم صدیقی ، عبدالحمید ، علیم احمد اور ڈاکٹر جلیل تنویر و پروفیسر عبدالحمید اکبر کی خدمت میں بھی تہنیت پیش کی گئی ۔ اس اجلاس کی صدارت اردو رائٹرس فورم جناب امجد جاوید نے کی۔