ممتاز ادیبہ مہاشیویتا دیوی کا انتقال

کولکتہ۔/28جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام ) ممتاز ادیبہ اور سماجی کارکن مہا شیویتا دیوی کا آج بعمر 91سال انتقال ہوگیا۔ انہوں نے دبے کچلے طبقات پر ظلم اور استحصال کے خلاف اپنا قلم اٹھایا اور ان کی آواز بن کر اُبھری تھیں۔ بیلے ویو نرسنگ ہوم کے سی ای او مسٹر پی ٹنڈن نے بتایا کہ شویتا دیوی کے ایک سے زائد اعضا غیرکارکرد ہوگئے اور آج صبح 3:16 بجے قلب پر حملہ سے انتقال کرگئیں۔ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک نے ایک عظیم ادیبہ کو کھودیا ہے۔ بیش بہا ادب تحریر کرنے پر ساہتیہ اکیڈیمی اور گیان پیتھ ایوارڈ یافتہ شویتا دیوی نے قبائیلیوں اور دیہاتیوں کو منظم کرنے میں اعانت کی تاکہ وہ ترقیاتی سرگرمیوں میں از خود شریک ہوسکیں۔