کولکتہ ۔ 30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) خانگی ایرلائنس کا ایک طیارہ جس میں چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی سوار تھیں، شہر کی فضاء میں تقریباً آدھا گھنٹہ منڈلانے پر مجبور ہوگیا اس کے بعد ہی اسے این ایس سی بی آئی ایرپورٹ پر لینڈنگ کی اجازت دی گئی۔ ترنمول کانگریس نے الزام عائد کیا ہیکہ یہ ان کی پارٹی کی سربراہ کو ہلاک کرنے کی سازش تھی۔ یہ طیارہ 7:35 بجے شام پٹنہ سے روانہ ہوا تھا۔ 9 بجے شب سے پہلے یہ کولکتہ پہنچ گیا۔ تاہم اسے 30 منٹ تک شہر کی فضاء میں منڈلانا پڑا۔ اس کے بعد ہی اسے لینڈنگ کی اجازت دی گئی۔ مبینہ طور پر اس کی وجہ ٹیکنیکی خرابی تھی۔ ریاستی شہری ترقیات کے وزیر فرہاد حکیم نے الزام عائد کیا ہیکہ یہ صدر ترنمول کانگریس کو ہلاک کردینے کی سازش تھی۔