گوہاٹی۔10 نومبر (سیاست ڈاٹ کام ) انڈین سوپر لیگ (آئی ایس ایل ) کے پانچویں سیزن میں شاندار شروعات کرنے والی نارتھ ایسٹ یونائیٹڈ ایف سی کے گھر میں اپنی جیت کا کھاتہ نہیں کھول پائی اور ساتھ ہی اپنے جیت کا سلسلہ کو بھی برقرار نہیں رکھ سکی۔ ممبئی سٹی ایف سی نے نارتھ ایسٹ کو اس کے گھر اندرا گاندھی اتھلیٹک اسٹیڈیم میں1-0 سے شکست دی۔ یہ نارتھ ایسٹ کی اس سیزن میں پہلی شکست ہے ۔ وہیں گھر میں دو میچ ڈرا کروانے کے بعد اسے شکست ہوئی ہے ۔ نارتھ ایسٹ نے ابھی تک اپنے تینوں میچ گھر سے باہر کھیلے ہیں۔ امید تھی کہ وہ ممبئی کے خلاف گھر میں جیت کا کھاتہ کھول لے گی لیکن ایسا نہیں ہو سکا۔ وہیں ممبئی کی یہ مسلسل تیسری فتح ہے ۔ اس جیت کے ساتھ ممبئی 10 ٹیموں کی پوائنٹ ٹیبل میں تیسرے نمبر پر آ گئی ہے ۔ اس کے سات میچوں میں چار جیت، ایک ڈرا اور دو ہار کے ساتھ13 پوائنٹس ہیں۔ ایف سی گوا اور بنگلور ایف سی کے بھی 13-13 پوائنٹس ہیں لیکن گول فرق میں دونوں ٹیمیں ممبئی سے آگے ہیں لہذا بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں۔