احمدآباد 12 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا میں طاقتور تصور کی جانے والی ممبئی ٹیم کو وجئے ہزارے ٹروفی کے ویسٹ زون لیگ مقابلہ میں 6 وکٹوں سے شکست دی ہے۔ آج یہاں کھیلے گئے مقابلہ میں ممبئی نے پہلے بیاٹنگ کرتے ہوئے 44.2 اوورس میں 211 رنز اسکور کئے جبکہ وسیم جعفر نے ٹیم کے لئے سب سے زیادہ 84 رنز بنائے نیز فاسٹ بولر ڈومینک جوزف نے مہاراشٹرا کے لئے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8.2 اوورس میں 25 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ ممبئی کے لئے حالات مزید ابتر ہوتے اگر اکھل ہرواڈکر 44 رنز اور سوریہ کمار یادو 40 رنز اسکور نہ کرتے۔ جوابی اننگ میں مہاراشٹرا نے مطلوبہ نشانہ 48 اوورس میں حاصل کرلیا۔ مہاراشٹرا کی کامیابی میں انکت باؤنے نے ناقابل تسخیر 78 رنز کی اننگز کھیلی۔ علاوہ ازیں روہت موتوانی نے 59 رنز کا قابل ذکر تعاون دیا۔ سنگرام اتیت کر کے 32 رنز میں بھی مہاراشٹرا کی ٹیم کو کامیابی دلوانے میں اہم رول ادا کیا ہے۔