ممبئی ۔ 16 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) تین متواتر ناکامیوں کے ساتھ مایوس کن شروعات کرنے والے ممبئی انڈینس کا نشانہ مخصوص ہوکر رہ گیا ہے کہ اب انھیں دو مرتبہ کے ٹائٹل ونرس اور ردھم میں موجود چینائی سوپر کنگس کے مقابل اپنے انڈین پریمیر لیگ میچ میں کل یہاں بہرحال جیت کیلئے جان توڑ کوشش کرنی ہوگی ۔ ہوم ٹیم جس نے اب تک کھیلے گئے اپنے تمام تین مقابلے ہار کر نقدی سے مالا مال اس ایونٹ کے جاریہ آٹھویں ایڈیشن میں کھاتہ کھولے بغیر واحد ٹیم رہ گئی ہے ، اُن پر حالات کو تیزی سے بدلنے کیلئے زبردست دباؤ معلوم ہورہا ہے ۔ ڈیفنڈنگ چمپینس کولکتہ نائیٹ رائیڈرس ، کنگس الیون پنجاب اور راجستھان رائلز کے مقابل یکے بعد دیگر شکستوں نے ممبئی انڈینس کو بقا کی جنگ لڑنے پر مجبور کردیا ہے۔ تاہم راؤنڈ رابن مرحلہ ہنوز ابتدائی دور میں ہے اس لئے 2013 کے چمپینس کو اس حقیقت سے اب بھی حوصلہ مل سکتا ہے کہ انھوں نے گزشتہ سال بھی آئی پی ایل ۔ 7 کے یو اے ای مرحلہ میں ابتدائی پانچ مقابلے لگاتار ہارنے کے بعد اچھی واپسی کی تھی۔
کم از کم کپتان روہت شرماتو ایسا ہی سوچتے ہیں اور انھوں نے یہ بات کل ایم آئی ۔ ریلائینس فاؤنڈیشن کی تقریب کے موقع پر کہی ہے۔ ’’ہماری تیاریاں اچھی ہیں لیکن ہم ہمارے منصوبوں پر مکمل عمل آوری میں ناکام ہوئے ہیں۔ حتیٰ کہ گزشتہ مرتبہ بھی ہم کچھ اسی نوعیت کی صورتحال میں تھے لیکن پھر ہم نے اچھی واپسی کی ‘‘۔ ہیڈ کوچ رکی پونٹنگ کا کہنا ہے کہ بطور ٹیم ممبئی انڈینس میں اعتماد کی فی الحال کچھ کمی معلوم ہورہی ہے ۔ یہ کیپٹن ۔ کوچ جوڑی اور سپورٹ اسٹار اپنے ٹیم ارکان میں کس حد تک اعتماد اور حوصلہ پیدا کرپاتے ہیں یہ بہت جلد معلوم ہوجائے گا ۔ ٹیم کی پریشانیوں میں ایک اور اضافہ کے طورپر آرن فنچ بقیہ آئی پی ایل ہیمسٹرنگ انجری کے سبب نہیں کھیل پائیں گے ۔ وہ احمدآباد میں راجستھان رائلز کے خلاف گزشتہ میچ میں رگ پٹھے چڑھ جانے کے سبب میدان چھوڑ گئے تھے۔
دوسری طرف چینائی سوپر کنگس ہوم گراؤنڈ پر دہلی ڈیرڈیولس اور پھر سن رائزرس حیدرآباد کے خلاف متواتر کامیابیوں کے بعد بلند حوصلہ ہیں ۔ دہلی کے خلاف اُن کی جیت سنسنی خیز مسابقت کے بعد اگرچہ محض ایک رن کے فرق سے ہوئی لیکن دو پوائنٹس کا حصول تو بہرحال فیصلہ کن ہوتا ہے ۔ کپتان ایم ایس دھونی نے عملاً دکھادیا کہ وہ اب بھی بیٹنگ آرڈر میں آگے کھیلتے ہوئے تیز رفتار رنز بناسکتے ہیں جیسا کہ انھوں نے 29گیندوں میں 53 رنز کے ذریعہ سی ایس کے کوزائد از 200 کا اسکور کھڑا کرنے میں مدد کی ۔ چونکہ اُن کی ٹیم کا اہم اور بڑا حصہ کئی برسوں سے غیرمتبدلہ ہے ، اس لئے چینائی اچھی آل راؤنڈ ٹیم ثابت ہوتی رہی ہے ۔ بولنگ کے شعبہ میں تجربہ کار آشیش نہرا نئی گیند سے اپنی ذمہ داری بخوبی نبھارہے ہیں چنانچہ مہمانوں کی بولنگ یونٹ جمعہ کو ممبئی انڈینس کیلئے کارگر ثابت ہوسکتی ہے ۔ کل دونوں ٹیموں کی صفوں میں روی چندرن اشون اور ہربھجن سنگھ کے درمیان میچ میں چھوٹی مسابقت بھی ہوسکتی ہے ۔ چینائی نے گزشتہ سال ممبئی کے خلاف دونوں مقابلے جیتے تھے جو دوبئی اور ممبئی میں منعقد ہوئے ۔ چینائی کیلئے ایک اور اچھی بات یہ ہے کہ اوپنرر ویسٹ انڈین ڈرین اسمتھ اور ہندوستانی موہت شرما بیٹنگ اور بولنگ کے شعبہ میں نمایاں مظاہرہ کررہے ہیں ۔ یہ دونوں کھلاڑی ایک ایک مین آف دی میچ ایوارڈ لے چکے ہیں۔