ممبئی کا خطرہ برقرار ، کے کے آر کو انحطاط روکنا ہوگا

کولکاتا ۔ 8 مئی (سیاست ڈاٹ کام) میزبان کولکاتا نائیٹ رائیڈرس (کے کے آر) کو یکایک اپنے مظاہرہ میں انحطاط کا سامنا ہورہا ہے جبکہ پرجوش واپسی کرنے والے ڈیفنڈنگ چمپئنس اور ان کے لئے ہمیشہ سے ’سردرد‘ ممبئی انڈینس کل یہاں ایک اور آئی پی ایل میچ میں ان کے مدمقابل رہیں گے۔ کے کے آر کو اب کٹھن چیلنج کا سامنا ہے کیونکہ انہیں ممبئی کے خلاف اپنے ٹریک ریکارڈ کے برعکس کھیلنے کی ضرورت ہے جو میزبانوں کے خلاف تمام 11 سیزن میں ابھی تک 21 کے منجملہ 17 میچس جیت چکے ہیں جو کسی بھی آئی پی ایل ٹیم کا کوئی بھی حریف کے خلاف بہترین ریکارڈ ہے۔ 6 مئی کو وانکھڈے میں 13 رنز کی شکست میں 1125 دنوں میں ان کی ناکامی کے تسلسل کو 7 میچس تک آگے بڑھا لیا ہے۔ کے کے آر نے ممبئی انڈینس کے خلاف آخری مرتبہ 8 اپریل 2015ء کو جیت درج کرائی تھی جہاں کے ٹی آر کیلئے زوال کو روکنے کی ضرورت ہے وہیں سب سے کامیاب آئی پی ایل فرنچائز ایم آئی ٹھیک وقت پر واپسی کررہے ہیں جو کچھ اسی طرح ہے جب 2015ء میں ان کی ابتدائی آئی پی ایل مہم خاصی ناکام رہی تھی لیکن آگے چل کر روہت شرما زیرقیادت ٹیم نے اپنے آخری 8 میچوں میں سے 7 جیت کر ٹائٹل پر قبضہ کیا تھا۔ کے کے آر اور ایم آئی دونوں ٹیموں کے راونڈ رابن لیگ میں چار میچس باقی رہ گئے ہیں لیکن کے کے آر نے ایم آئی کے مقابل ایک میچ زیادہ یعنی پانچ جیتے ہیں اور اب دونوں ٹیموں میں سے کسی کی بھی ناکامی ان کیلئے پلے آف مرحلہ تک رسائی کو کافی پیچیدہ بنا سکتی ہے۔ کے کے آر کو اپنے ماضی کے مظاہرہ کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے اور سنیل نارائن کو ایک اور بار گیند اور بیاٹ دونوں سے کلیدی مظاہرہ پیش کرنا ہوگا۔ 182 رنز کے ٹارگٹ کے موقع پر نارائن جسم میں پانی کی کمی کی وجہ سے ٹاپ آرڈر میں بیٹنگ نہیں کر پائے اور کہیں نہ کہیں کولکاتا ٹیم کو اس کا نقصان ہوا ہے۔ ممبئی کی بیٹنگ لائن اپ میں روہت کا کلیدی مقام ہے اور اگر نارائن حریف کیپٹن کے خلاف اپنی بولنگ سے کارگر ثابت ہوتے ہیں تو ان کی ٹیم کیلئے بہت مفید بات ہوگی۔ یہ بات اہم ہیکہ ٹرینیڈاڈ سے تعلق رکھنے والے نارائن نے ابھی تک روہت کو 6 مرتبہ آوٹ کیا ہے۔ کولکاتا کیلئے رابن اتھپا کا بے استقلال مظاہرہ تشویش کا معاملہ بنا ہوا ہے۔