ممبئی کا آج بنگلور سے اور کولکتہ کا دہلی سے مقابلہ

دوبئی 18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) آئی پی ایل کے ساتویں سیزن کا شاندار کامیابی کے ساتھ آغاز کرنے والی پُراعتماد رائل چیالنجر بنگلور کا کل یہاں مقابلہ مسائل سے پریشان دفاعی چمپئن ممبئی سے ہوگا جوکہ کامیابی کے ذریعہ آئی پی ایل مہم کو بہتر بنانے کے لئے کوشاں ہوگی۔ رائل چیالنجر بنگلور نے اپنے افتتاحی مقابلہ میں نئی طرز پر نظر آنے والی دہلی ڈیر ڈیولس کے خلاف 8 وکٹوں کی شاندار کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ بنگلہ دیش میں منعقدہ ٹوئنٹی 20 فائنل میں سری لنکا کے خلاف انتہائی ناقص کارکردگی کی وجہ سے غیرمعمولی دباؤ میں رہنے والے یوراج سنگھ نے شارجہ میں انتہائی شاندار اور ناقابل تسخیر 52 رنز کی اننگز کھیلنے کے علاوہ کپتان ویراٹ کوہلی کے ساتھ 7.9 اوورس میں 84 رنز کی پارٹنرشپ نبھاتے ہوئے کامیابی کے لئے 145 رنز کا مطلوبہ نشانہ 20 گیندیں قبل ہی حاصل کرنے میں کلیدی رول ادا کیا تھا۔ ابتدائی مقابلے میں پیٹھ کی تکلیف کے باعث کریس گیل شرکت نہیں کرپائے تھے لیکن ٹیم میں ویراٹ کوہلی، گیل، اے بی ڈی ولیئرس اور یوراج سنگھ کی موجودگی میں اِسے مزید طاقتور بنادیا ہے۔ بولنگ شعبہ میں آسٹریلیا کے فاسٹ بولر مچل اسٹارک اور البی مورکل کے علاوہ ورون آرون کی تیز گیندیں حریف بیٹسمنوں کو پریشان کرنے کے لئے کافی ہیں۔

دوسری جانب ممبئی کی ٹیم کو دفاعی چمپئن ہونے کے باوجود افتتاحی مقابلہ میں کولکتہ نائٹ رائیڈرس کے خلاف 45 رنز کی شکست برداشت کرنی پڑی تھی حالانکہ چمپئن ٹیم میں ظہیر خان (23/1) اور لستھ ملنگا (23/4) کے مظاہرے بھی معیاری نہیں رہے کیونکہ ٹیم نے کے کے آر کو 164 رنز بنانے کا موقع فراہم کیا۔ افتتاحی مقابلے میں ممبئی کے لئے بیاٹنگ مظاہرے بھی قابل ستائش نہیں رہے کیونکہ ٹیم میں بڑے کھلاڑیوں کی موجودگی کے باوجود کپتان روہت شرما 27 رنز، امبتی رائیڈر 48 رنز اور آدتیہ تارے نے 24 رنز اسکور کئے۔ حالانکہ ٹیم میں کیرن پولاڈ بھی موجود تھے لیکن ٹیم 164 رنز کا کامیاب تعاقب نہیں کرپائی۔ بیٹسمنوں کی ناقص کارکردگی ہندوستانی ماسٹر بلاسٹر سچن تنڈولکر جوکہ ٹیم کے مینٹر ہیں، جن کے علاوہ کوچ جان رائٹ کے لئے بھی تشویش کا باعث ہے۔ ممبئی کے بیٹسمنوں کو ویسٹ انڈیز کے اسپنر سنیل نارائن کے خلاف جدوجہد کرنا پڑا تھا جنھوں نے بہ آسانی اپنے حریف بیٹسمنوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

دن کا دوسرا مقابلہ کولکتہ نائیٹ رائیڈرس اور دہلی ڈیر ڈیولس کے درمیان کھیلا جائے گا جہاں کولکتہ نائیٹ رائیڈرس فتوحات کے سلسلہ کو برقرار رکھنے کی خواہاں ہوگی جبکہ دوسری جانب نئے کھلاڑیوں کی آمد کے بعد نئی شکل میں دکھائی دے رہی دہلی ڈیر ڈیولس کی ٹیم آئی پی ایل کے ساتویں سیزن میں کامیابی کے کھاتے کو کھولنے کی خواہاں ہوگی۔ بنگلور کے خلاف افتتاحی مقابلے میں دہلی ڈیر ڈیولس کو انگلش بیٹسمین اور اپنے کپتان کیون پیٹرسن کی خدمات دستیاب نہیں تھی۔ حالانکہ جے پی ڈومینی اور راس ٹیلر نے بنگلور کے خلاف بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 145 رنز کا اسکور دیا تھا۔ دوسری جانب کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کے خلاف جیک کیلس کے آل راؤنڈ مظاہرہ نے کامیابی میں اہم رول ادا کیا تھا جیسا کہ ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ میں شامل نہ کئے جانے کے باوجود جنوبی افریقی آل راؤنڈر نے شاندار نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے خود کو مختصر طرز کی کرکٹ کے لئے ہنوز اہم کھلاڑی منوایا ہے۔