ممبئی کا آج پنچاب اور دہلی کا کولکتہ سے مقابلہ

نئی دہلی ؍ موہالی ۔29 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )کنگس الیون پنجاب کی ٹیم اپنے ابتدائی دو مقابلوں میں ہونے والے تنازعات کو پس پشت ڈالتے ہوئے گھریلو میدان پر ٹیم کیلئے مواقف حالات کا فائدہ اُٹھاتے ہوئے کل یہاں ممبئی انڈینس کے خلاف کامیابی کیلئے کوشاں ہے۔ پہلے مقابلے میں کپتان روی چندرن اشون کی جانب سے بٹلر کو من کڈڈ انداز میں رن آؤٹ کرنے سے تنازعہ بنا تھا جس کے بعد دوسرے مقابلے میں کولکاتہ کے خلاف اینڈرے رسل کو محمد سمیع کی جانب سے بولڈ کئے جانے کے موقع پر 30 گز کے دائرے میں چار کھلاڑیوں کو نہ رکھنے کا تنازعہ بھی پنجاب کے ساتھ منسلک ہے ۔ اشون اب ان تنازعات کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹیم کو کامیابی دلوانے کے خواہاں ہے ۔ دوسری جانب ممبئی انڈینس نے بھی پہلے مقابلے میں دہلی کے خلاف ہوئی شکست کو پیچھے چھوڑتے ہوئے رائل چیلنجرس بنگلور کے خلاف کامیابی حاصل کی ہے اور وہ فتوحات کے سلسلے کو میزبان پنجاب کے خلاف بھی برقرار رکھنے کیلئے کوشاں ہوگی ۔ پنجاب کیلئے اننگز کے آغاز میں گیل کے بعد سرفراز خان پر توجہ مرکوز ہے جبکہ بولنگ شعبہ میں اشون ہی اُمیدوں کا محور ہے، حالانکہ گزشتہ مقابلے میں ان کے خلاف کے کے آر کے بیٹسمینوں نے کافی رنز بنائے ہیں۔ ممبئی جس نے بنگلور کو 6 رنز کی قریبی شکست دی ہے اس میں روہت شرما کے 48 رنز اور ہاردیک پانڈیا کے 16 گیندوں میں 32 رنز خوش آئند ہیںجبکہ ملنگا اور بمرہ کی بہترین بولنگ بھی اسے کامیابی کیلئے پسندیدہ بناتی ہے ۔ دن کے دوسرے مقابلے میں دہلی کیاپٹلس اپنے گھریلو میدان پر کولکاتہ نائیٹ رائیڈرس کی میزبانی کررہی ہے جو گھریلو میدان پر کے کے آر کی فتوحات کے سلسلے کو روکنے کیلئے کوشاں ہوگی ۔ دہلی جس نے پہلے مقابلے میں ممبئی کو شکست دی لیکن دوسرے مقابلے میں اسے چینائی سوپر کنگس کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی ۔ دہلی کیلئے رسل پھر ایک مرتبہ اصل خطرہ بن سکتے ہیں تو دوسری جانب ورلڈ کپ کی دوڑ میں خود کو شامل کرچکے رشبھ پنت بھی پہلے مقابلے کی بیٹنگ کو دوہرانے کے خواہاں ہوں گے ۔