ممبئی ؍ نئی دہلی ۔ 2 مئی (سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات میں مسلسل پانچ مقابلوں میں ناکامی کے سلسلہ کو دفاعی چمپیئن ممبئی انڈینس کل یہاں کھیلے جانے والے ملک میں اپنے پہلے مقابلے میں کامیابی کے ساتھ ختم کرنے کیلئے کوشاں ہیں لیکن ممبئی کے تاریخی میدان وانکھیڈے اسٹیڈیم میں مقامی ٹیم ممبئی کیلئے حالات آسان نہیں ہوں گے کیونکہ اس کی حریف ٹیم کنگس الیون پنجاب ہے جس میں متحدہ عرب امارات میں منعقدہ تمام پانچ مقابلوں میں صدفیصد فتوحات حاصل ہوئی ہیں۔ وانکھیڈے اسٹیڈیم کی تاریخ اور ریکارڈ ممبئی انڈینس کے حق میں صد فیصد ہیں اور اب جبکہ آئی پی ایل متحدہ عرب امارات کے تین مقامات دبئی، ابوظہبی اور شارجہ سے ملک واپس ہوچکا ہے تو ممبئی انڈینس یقینا امید کررہی ہیکہ گھریلو میدان میں کھیلے جانے والے مقابلہ کے ساتھ اس کی قسمت تبدیل ہوگی۔
دوسری جانب پنجاب نے آئی پی ایل کے ابتدائی مرحلہ کے پانچ مقابلوں میں غیرمعمولی مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل تسخیر موقف حاصل کرلیا ہے۔ ممبئی کیلئے جہاں بولنگ سے زیادہ بیٹنگ تشویشناک رہی تھی وہیں پنجاب کیلئے بیٹسمینوں نے شاندار مظاہرے کئے ہیں۔ ممبئی کیلئے کپتان روہت شرما کے مظاہرہ اور اننگز کے آغاز پر مائیک ہسی کی جانب سے ٹیم کو بہتر شروعات فراہم نہ کرنے کا نقصان ہورہا ہے۔ ممبئی انڈینس نے اننگز کے آغاز میں مختلف کھلاڑیوں کے ساتھ تجربات کئے ہیں لیکن اسے ان تجربات کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ آئی پی ایل کی نیلامی میں نیوزی لینڈ کے آل راونڈر کورے اینڈرسن توجہ مرکز تھے لیکن ان کی مظاہرہ انتہائی مایوس ہیں۔ ممبئی انڈینس نے ویسٹ انڈیز کے لینڈن سمنس کی بھی خدمات حاصل کی ہیں۔ پنجاب کیلئے میکس ویل نے پانچ مقابلوں میں 300 اور ڈیویڈ ملر نے 155 رنز اسکور کرتے ہوئے ٹیم کو چینائی سوپر کنگس اور راجستھان رائلز جیسی چمپیئنس ٹیم کے خلاف بھی فتوحات دلائی ہیں۔ ویریندر سہواگ نے ایک سے زائد مرتبہ 30 سے زائد رنز اسکور کئے ہیں اور وہ بہتر فام میں ہی ہیں جبکہ کپتان جارج بیلی بھی ٹوئنٹی 20 کے ماہر کھلاڑی ہیں جنہوں نے ایک کم اسکور کے مقابلہ میں ٹیم کو کامیابی دلوا چکے ہیں۔ آسٹریلیائی فاسٹ بولر مچل جانسن اور سندیپ شرما نے بولنگ کا آغاز کرتے ہوئے ٹیم کو بہتر شروعات فراہم کی ہے جنہیں لکشمی پتی بالاجی اور رشی دھون کا بہتر تعاون مل رہا ہے۔
کل ایک اور مقابلہ دہلی کے فیروز شاہ کورٹلہ میدان پر میزبان دہلی اور 2008ء کی چمپیئن راجستھان رائلس کے درمیان ہوگا۔ دہلی نے 5 مقابلوں میں کولکتہ اور ممبئی کے خلاف دو فتوحات حاصل کی ہیں جبکہ راجستھان نے 3 فتوحات حاصل کی ہیں۔ دہلی کیلئے جے پی ڈومینی اور مرلی وجئے نے رنز اسکور کئے ہیں جبکہ دنیش کارتک نے ایک نصف سنچری اسکور کی ہے حالانکہ اس کے پاس کوئنٹن ڈی کاک اور راس ٹیلر جیسے بیٹسمینوں کے علاوہ کپتان کیون پیٹرسن بھی موجود ہیں تاہم اس نے معیار کے مطابق ہنوز مظاہرے نہیں کئے ہیں۔ دوسری جانب راجستھان نے یکے بعد دیگرے دو فتوحات حاصل کرتے ہوئے کامیابی کی ڈگر پر آگے بڑی ہے جبکہ اوپنر جنکیا راہنے بھی گذشتہ مقابلہ میں شاندار نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے فام میں واپسی کا اعلان کردیا ہے۔ کپتان واٹسن اور سنجو سامسن نے میڈل آرڈر کو مستحکم کر رکھا ہے۔